پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انعام کبیر کی غزلیں — Inam Kabeer Ghazals

انعام کبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ آتے جاتے ادھر دیکھتا ذرا سا ہے (غزل)

وہ آتے جاتے ادھر دیکھتا ذرا سا ہے

نہیں ہے ربط مگر رابطہ ذرا سا ہے

یہ کوفیوں کی کہانی ہے میرے دوست مگر

یہاں پہ آپ کا بھی تذکرہ ذرا سا ہے

اب اس کو کاٹنے میں جانے کتنی عمر لگے

ہمارے درمیاں جو فاصلہ ذرا سا ہے

نگاہ ایک سڑک ہے اور اس کی منزل دل

ادھر سے جاوے تو یہ راستہ ذرا سا ہے

تجھے لگا کہ تو کر لے گا صبر میرے بغیر

تو کر کے دیکھ ہی لے تجربہ ذرا سا ہے

ادھر کبیرؔ بگولے ہوا کے تند و تیز

اور اس طرف یہ اکیلا دیا ذرا سا ہے

یہ رنگ بے رنگ سارے منظر ہیں ایک جیسے (غزل)

یہ رنگ بے رنگ سارے منظر ہیں ایک جیسے

یہ پھول سارے یہ سارے نشتر ہیں ایک جیسے

یہ اول اول تمام بکھرے ہوئے مناظر

نظر جما لو تو آخر آخر ہیں ایک جیسے

مری نگاہوں سے ہو کے جاتا ہے ان کا پانی

یہ سارے دریا سبھی سمندر ہیں ایک جیسے

میں کال جس کو ملاؤں جا کر ملے اسی کو

یہ کیا کہ دنیا کے سارے نمبر ہیں ایک جیسے

یہ مسکراہٹ کا ایک پردا سا گر ہٹا کر

کبیرؔ دیکھو تو سب کے اندر ہیں ایک جیسے

مزید غزلیں از انعام کبیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں