انعام عازمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تصورات میں وہ زوم کر رہا تھا مجھے (غزل)
تصورات میں وہ زوم کر رہا تھا مجھے
بہت شدید توجہ کا سامنا تھا مجھے
چمک رہا تھا میں سورج کے مثل اس لئے دوست
کہیں پہ جا کے اندھیرے میں ڈوبنا تھا مجھے
مجھے وہاں سے اداسی بلا رہی تھی آج
جہاں سے شام و سحر کوئی دیکھتا تھا مجھے
پھر اس کو جا کے بتانا پڑا غلط ہے یہ
سمجھنے والے نے کیا کیا سمجھ رکھا تھا مجھے
گزر نہ پایا تھا جو جونؔ ایلیا سے بھی
تمہارے بعد وہ لمحہ گزارنا تھا مجھے
لہولہان ہوئے جا رہے تھے ہر منظر
کسی نے وقت کے ماتھے پہ یوں لکھا تھا مجھے
میں اپنی نیند اگر ٹوٹنے نہیں دیتا
اس ایک خواب سے ہر وقت ٹوٹنا تھا مجھے
جیسا سوچو ویسا مطلب ہوتا ہے (غزل)
جیسا سوچو ویسا مطلب ہوتا ہے
ہلکی بات کا گہرا مطلب ہوتا ہے
چہرہ پڑھ کر دیکھو گے تو جانو گے
خاموشی کا کیا کیا مطلب ہوتا ہے
ہجرت کو تم نقل مکانی کہتے ہو
ہجرت کا مر جانا مطلب ہوتا ہے
اپنی بات مکمل کر کے جاؤ تم
آدھی بات کا الٹا مطلب ہوتا ہے
شہزادی ہے دنیا مطلب والی یہ
سب کا اپنا اپنا مطلب ہوتا ہے