پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انعام حنفی کی غزلیں — Inaam Hanafi Ghazals

انعام حنفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر سمت سے اٹھتا ہے دھواں شہر کے لوگو (غزل)

ہر سمت سے اٹھتا ہے دھواں شہر کے لوگو

یہ شہر تو تھا شہر اماں شہر کے لوگو

دیوانگیٔ اہل خرد پہنچی یہاں تک

ہر شخص کا چہرہ ہے دھواں شہر کے لوگو

رفعت کسے ملتی ہے فراوانیٔ زر سے

کردار سے ہو فخر زماں شہر کے لوگو

لے آئی یہاں تک ہمیں کردار کی پستی

عظمت ہے نہ عظمت کے نشاں شہر کے لوگو

پروردۂ ایمان و یقیں ہوتے ہوئے بھی

یہ وسوسۂ وہم و گماں شہر کے لوگو

پھینکو نہ خموشی پہ مری طنز کے پتھر

اب بھی ہے مرے منہ میں زباں شہر کے لوگو

پتھر کی چٹانوں سے رکا ہے نہ رکے گا

انعامؔ ہے اک جوئے رواں شہر کے لوگو

ہوتے ہوں گے اس دنیا میں عرش کے دعویدار بلند (غزل)

ہوتے ہوں گے اس دنیا میں عرش کے دعویدار بلند

پستی کے ہم رہنے والے نکلے آخر کار بلند

ایک طرف ہو تم افسردہ ایک طرف ہم آزردہ

اور چمن کو بانٹو یارو اور کرو دیوار بلند

کب ضد کی ہے ہم نے تم سے اپنی اونچی ہستی کی

کیسی بحث تقاضا کیسا تم ہو ہم سے یار بلند

لے آئی مجبوری ہم کو آج پرائی محفل میں

اور تماشہ دیکھ رہے ہیں ہو ہو کر اغیار بلند

شاعر اور تکبر میں کیا رشتہ ان میں نسبت کیا

شہر سخن میں رکھیے اپنے سر کو خم معیار بلند

عزت افزائی ہے بے شک بات مقدر کی انعامؔ

ورنہ قدرت نے رکھے ہیں پھولوں سے بھی خار بلند

مزید غزلیں از انعام حنفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں