پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران ساغر کی غزلیں — Imran Saghar Ghazals

عمران ساغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ کو کھو دینے کا احساس ہوا تیرے بعد (غزل)

تجھ کو کھو دینے کا احساس ہوا تیرے بعد

ڈھونڈھتا پھرتا ہوں اب تیرا پتہ تیرے بعد

پھر کسی اور سے کی عرض تمنا نہ کبھی

مجھ میں ارمان نہ پھر کوئی جگا تیرے بعد

بیچ رستے میں ہمیں چھوڑ کے جانے والے

اعتماد ہم نے کسی پر نہ کیا تیرے بعد

چلتے پھرتے ہوئے پتھر ہیں یہاں کے انساں

کون سمجھے گا بھلا درد مرا تیرے بعد

گردش وقت جسے توڑ نہیں پائی تھی

دیکھ وہ شخص بھی اب ٹوٹ گیا تیرے بعد

چاہنے والے مرے اور بہت تھے لیکن

میں کسی اور کا ہو ہی نہ سکا تیرے بعد

پھیلتا جاتا ہے ہر سمت اندھیرا ساگرؔ

زندگی جیسے ہو اک بجھتا دیا تیرے بعد

میں اپنی حیثیت سے کچھ زیادہ لے کے آیا ہوں (غزل)

میں اپنی حیثیت سے کچھ زیادہ لے کے آیا ہوں

میں قطرہ ہوں مگر ہم راہ دریا لے کے آیا ہوں

مجھے بھی کچھ عطار کر دے اجالا بانٹنے والے

تری خدمت میں تمہید تمنا لے کے آیا ہوں

تمہاری آنکھ کے رستے تمہارے دل میں اتروں گا

میں عزم و حوصلہ پختہ ارادہ لے کے آیا ہوں

اجل نے کام اپنا کر دیا رشوت نہیں کھائی

میں کافی دیر تک چیخا کہ پیسہ لے کے آیا ہوں

چلے آؤ کہ پہلے کی طرح ماتم کریں مل کر

میں اپنے دل کے ارمانوں کا لاشہ لے کے آیا ہوں

مجھے ہر حال میں تاریکیوں کا سر کچلنا ہے

ہتھیلی پر اگا کر چاند تارا لے کے آیا ہوں

مری تحریر سے ساغرؔ ابھی تک خوں ٹپکتا ہے

میں ان کاغذ کے ٹکڑوں میں کلیجہ لے کے آیا ہوں

ہر قدم یاد تجھے میری بہت آئے گی (نظم)

ہر قدم یاد تجھے میری بہت آئے گی

تو جہاں جائے گی ہم راہ مجھے پائے گی

تیرے رخسار کی رنگت ترے ماتھے کی چمک

مجھ سے قائم ہے ترے ہاتھ کے کنگن کی کھنک

تیری ہر سانس سے وابستہ ہیں سانسیں میری

خواب تیرے ہیں سبھی اور ہیں آنکھیں میری

پھر بتا کیسے جدا مجھ سے تو ہو جائے گی

دل میں روشن ہے تری یاد چراغوں کی طرح

مجھ پہ طاری ہے ترا پیار ایاغوں کی طرح

تو ہی کہہ دے کہ تجھے دل سے بھلا دوں کیسے

میں ترے نام کو ہاتھوں سے مٹا دوں کیسے

آ بھی جا اور مجھے کتنا تو تڑپائے گی

چھوڑ دینے کا کیا کیسے ارادہ تو نے

جس کو چاہا تھا کبھی جان سے زیادا تو نے

کیا ہوئیں قسمیں تری اور وہ وعدے تیرے

ساتھ چلنے کے ہمیشہ کے ارادے تیرے

مجھ کو معلوم نہ تھا اتنا بدل جائے گی

اپنے وعدے کو وفا کر کے میں دکھلاؤں گا

میں اگر مر بھی گیا پھر بھی تجھے چاہوں گا

تو جہاں کے کسی گوشے میں رہے گی ہمدم

ہو کے بے چین صدا دوں گا تجھے میں جس دم

میری آواز تیرے کان سے ٹکرائے گی

جب بھی دیکھا تری صورت کو ہی دیکھا میں نے

صرف اور صرف تری کی ہے تمنا میں نے

میں سوا تیرے کسے دیکھوں نگاہیں بھر کے

جو کبھی دیکھوں مرا رب مجھے اندھا کر دے

دیکھ اب مان بھی جا ورنہ تو پچھتائے گی

مزید غزلیں از عمران ساغر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں