پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران راشد کی غزلیں — Imran Rashid Ghazals

عمران راشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب سمجھتے ہیں زمانے کے لئے ہنستا ہوں (غزل)

سب سمجھتے ہیں زمانے کے لئے ہنستا ہوں

جب کہ میں درد چھپانے کے لئے ہنستا ہوں

اس نے بولا تھا سدا ہنستے ہی رہنا سو میں

اس کی یہ بات نبھانے کے لیے ہنستا ہوں

اشک نکلیں گے تو پھر لوگ سبب پوچھیں گے

میں ترا نام چھپانے کے لئے ہنستا ہوں

میں نہیں چاہتا میری طرح روئے وہ بھی

اس لئے اس کو ہنسانے کے لیے ہنستا ہوں

اشک کے بوجھ سے کمزور نہ ہوں آنکھیں مری

اشک کا بوجھ اٹھانے کے لیے ہنستا ہوں

خاموش ہوں تو کہتے ہو کہتا نہیں ہوں میں (غزل)

خاموش ہوں تو کہتے ہو کہتا نہیں ہوں میں

کہنے لگوں تو بولو گے اچھا نہیں ہوں میں

اعزاز کیا ہے عشق کا تم کو بتاؤں کیا

مدت ہوئی ہے چین سے سویا نہیں ہوں میں

مجھ کو خرید لیں تری اوقات ہی کہاں

جیسا سمجھ رہا ہے تو ویسا نہیں ہوں میں

لے اور امتحان ہو خواہش اگر تری

تجھ سے اے زندگی ابھی ہارا نہیں ہوں میں

اب اور امتحان مرے صبر کا نہ لے

مجھ کو بھی کہنا آتا ہے گونگا نہیں ہوں میں

مزید غزلیں از عمران راشد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں