پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران نذیر مانی کی غزلیں — Imran Nazeer Maani Ghazals

عمران نذیر مانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مکمل ضبط بھی کر لیں تو یہ صدمے نہیں جاتے (غزل)

مکمل ضبط بھی کر لیں تو یہ صدمے نہیں جاتے

کہ تجھ سے اب ہمارے راز بھی رکھے نہیں جاتے

ہمارے سر کی تہمت ہے تمہارے پیر کے چھالے

ہمارے گھر کو کوئی راستے کچے نہیں جاتے

شکستہ عشق کی یادیں چلو اب دفن کرتے ہیں

جنازے گھر میں اتنی دیر تک رکھے نہیں جاتے

ہمارا دل بھی اس اجڑے ہوئے مسکن کے جیسا ہے

گلی کے جس گھروندے میں کبھی بچے نہیں جاتے

یقیں مانو اسے کافی سلیقہ ہے محبت کا

کہ ہم پتھر دلوں والے یوںہی پگھلے نہیں جاتے

تو یہ سادہ دلی لے کر کبھی بھی عشق مت کرنا

کہ پتے کھیلنے ہرگز کبھی اندھے نہیں جاتے

اب بھنور ہے یا کنارا ہے خدا جانتا ہے (غزل)

اب بھنور ہے یا کنارا ہے خدا جانتا ہے

بس مجھے تیرا سہارا ہے خدا جانتا ہے

یہ الگ بات کہ خوش باش نظر آتے ہیں

ورنہ جو حال ہمارا ہے خدا جانتا ہے

اپنی تنہائیوں سے ڈر کے کئی بار تجھے

جس طرح میں نے پکارا ہے خدا جانتا ہے

وہ بھی اس ترک تعلق پہ ہے خوش اور ادھر

ہم نے بھی بوجھ اتارا ہے خدا جانتا ہے

یعنی اب دن میں بھی تارے وہ دکھاتا ہے مجھے

جو مری آنکھ کا تارا ہے خدا جانتا ہے

وہ پلٹ کر کبھی دیکھے گا مری سمت ضرور

مجھ کو اس وہم نے مارا ہے خدا جانتا ہے

تیرا ہر درد ستم تیری عنایت مانیؔ

تیرا ہر زخم گوارا ہے خدا جانتا ہے

مزید غزلیں از عمران نذیر مانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں