پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران راہب کی غزلیں — Imran Rahib Ghazals

عمران راہب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر یوں ہوا کہ آگ سے چہرہ جلا دیا (غزل)

پھر یوں ہوا کہ آگ سے چہرہ جلا دیا

کس نے عظیم شہر کا نقشہ جلا دیا

کل پنچھیوں نے قید میں اک فیصلے کے بعد

بدلے کی سرد آگ سے پنجرہ جلا دیا

تاوان جو نہیں ملا شہ رگ کو کاٹ کر

بچے کی لاش پھینک دی بستہ جلا دیا

آندھی کی پھر چراغ سے تکرار ہو گئی

جگنو نے کیوں ہوا کا دوپٹہ جلا دیا

جب نینوا میں رات تھی اور بجھ گئے چراغ

تب اشقیا نے خوف سے خیمہ جلا دیا

یہ گر رہی ہے راکھ جو راہبؔ زمین پر

بڑھیا نے رات چاند میں چرخہ جلا دیا

پیار کرتی ہے مگر پھر بھی مکر سکتی ہے (غزل)

پیار کرتی ہے مگر پھر بھی مکر سکتی ہے

کیا بھروسہ ہے کسی اور پہ مر سکتی ہے

کیا سمجھتی ہو کہ باندھا ہے مجھے بندھن میں

یہ انگوٹھی ہے مری جان اتر سکتی ہے

چھوٹ سکتی ہے ترے گاؤں کی مٹی مجھ سے

یہ قیامت بھی کسی روز گزر سکتی ہے

چاند نے جھیل کے بستر پہ جو کروٹ بدلی

چاندنی ٹوٹ کے پانی میں بکھر سکتی ہے

ہم نے بس پیار کیا نام لکھے سوچا نہیں

ڈائری پیڑ کی بدنام بھی کر سکتی ہے

عہد کم فہم کی عجلت ہے اشارہ راہبؔ

روشنی چاک پہ ظلمت کو بھی دھر سکتی ہے

مزید غزلیں از عمران راہب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں