عمران اعوان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب مجھے بھول کوئی بات نہ کر جانے دے (غزل)
اب مجھے بھول کوئی بات نہ کر جانے دے
بیتے لمحوں کے مناظر کو بکھر جانے دے
میں نے کچھ کام ضروری ابھی نمٹانے ہیں
تیرا احسان مرے یار اگر جانے دے
رات گہری ہے یہاں تو بھی ہے سناٹا بھی
ہم چراغوں کو اندھیروں میں اتر جانے دے
میں اگر لوٹ بھی آیا تو مجھے مت ملنا
اس خرابے کو مری جان سدھر جانے دے
تیز بارش ہے کہ سڑکوں پہ بھی پانی ہے بہت
آج کی رات مجھے پاس ٹھہر جانے دے
تو نے آواز لگائی تو بھٹک جائے گا
اس مسافر کو خموشی سے گزر جانے دے
تمہاری زندگی میرے بغیر پوری ہے (غزل)
تمہاری زندگی میرے بغیر پوری ہے
اسی لئے تو مری ہر خوشی ادھوری ہے
میں اپنے عشق کی جب انتہا پہ پہنچا تو
پتہ چلا کہ یہاں خود کشی ضروری ہے
یہی طلسم نہ تسخیر ہو سکا مجھ سے
ہمارے بیچ جو شمس و قمر کی دوری ہے
ہر ایک بات ہمیشہ وہ مانتا ہے مری
یہ اس کا پیار نہیں صرف جی حضوری ہے
میں ایک فاصلہ رکھوں گا ساتھ چلتے ہوئے
یہ فیصلہ ہے مگر فیصلہ عبوری ہے
تو کہہ رہا ہے تو میں غور کر کے دیکھتا ہوں
اگرچہ عشق مرا تجھ سے لا شعوری ہے