پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران علی خاں عمران کی غزلیں — Imran Ali Khan Imran Ghazals

عمران علی خاں عمران کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی پرواہ نہیں ہے کہ وہ سر کاٹیں گے (غزل)

کوئی پرواہ نہیں ہے کہ وہ سر کاٹیں گے

ہم محبت سے ہی نفرت کا اثر کاٹیں گے

عزم فرہاد نے اوزار سے کاٹا تھا پہاڑ

ہم رگ گل سے بھی پتھر کا جگر کاٹیں گے

لوگ احسان کو احسان سمجھتے کب ہیں

جس کے سائے میں پلیں گے وہ شجر کاٹیں گے

پھر ترے آنے کی امید صبح جاگے گی

پھر تری یاد میں ہم آٹھ پہر کاٹیں گے

آپ نے اڑنا کبھی جس کو سکھایا عمرانؔ

لکھ رکھیں یہ کہ وہی آپ کے پر کاٹیں گے

وہ ایک شخص جو اتنا اداس لگتا ہے (غزل)

وہ ایک شخص جو اتنا اداس لگتا ہے

نہ جانے کیوں وہ مرے دل کے پاس لگتا ہے

چمن میں رنگ فضاؤں نے جب سے ہے بدلا

ہر ایک چہرے پہ خوف و ہراس لگتا ہے

یوں غور‌ و فکر کے دریا میں پی چکا پھر بھی

مرا وجود کیوں صدیوں کی پیاس لگتا ہے

مرا رفیق بھی اب جا ملا رقیبوں سے

بہت ذہین ہے موقع شناس لگتا ہے

دھڑکنے دل جو لگا بیکلی سی ہے طاری

جگر کے کونے میں ان کا نواس لگتا ہے

خبر ہے گرم کہ محفل میں وہ بھی آئیں گے

یقین کم ہے زیادہ قیاس لگتا ہے

ہو روح کھوکھلی تاریک ہو ضمیر اگر

بدن بھی دیکھیے خالی گلاس لگتا ہے

برہنہ کون نہیں ہے یہاں پہ اے عمرانؔ

اگرچہ جسم پہ سب کے لباس لگتا ہے

مزید غزلیں از عمران علی خاں عمران ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں