عمران عظیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وراثت میں ملی تھی جو وہ دولت جا رہی ہے (غزل)
وراثت میں ملی تھی جو وہ دولت جا رہی ہے
بہت دن سے کتب خانے کو دیمک کھا رہی ہے
نظر آئی ہے سب کو آئنے میں اپنی صورت
سبھی کے نام پر انگلی اٹھائی جا رہی ہے
یہ کیسا اجنبی لمحہ تعاقب میں ہے اپنے
اداسی گھر کے اندر پاؤں اب پھیلا رہی ہے
نمود صبح ہوتے ہی گھر آئی کوئی بلبل
مزے سے نغمۂ الفت یہاں پر گا رہی ہے
پرکھتی ہے نگاہ وقت کس کس زاویے سے
یہ کیسے مسئلوں کی گتھیاں سلجھا رہی ہے
زمانے کی کوئی پروا کرے آخر کہاں تک
وہ تتلی ہے اسے پھولوں کی صحبت بھا رہی ہے
یہ کیسی مصلحت سے لوگ ملتے ہیں یہاں پر
یہ کن جذبات میں چاہت سمٹتی جا رہی ہے
عظیمؔ اس دائرے سے کس طرح باہر میں نکلوں
عجب خوشبو سی ذہن و دل پہ میرے چھا رہی ہے
ماتھے پہ شکن لا نہ ان آنکھوں میں غضب لکھ (غزل)
ماتھے پہ شکن لا نہ ان آنکھوں میں غضب لکھ
اے دوست خفا کیوں ہے مجھے اس کا سبب لکھ
گونگی ہیں فضائیں تو شجر بھی ہوئے بہرے
مت شاخ تمنا پہ کوئی عرض طلب لکھ
اک اس کی محبت کے بلاوے کو بھی سن لے
جا صفحۂ رخسار پہ کچھ گرمی لب لکھ
عرضی پہ تجھے ورنہ ترقی نہ ملے گی
اوقات بتا اپنی کوئی نام و نسب لکھ
موسم کی طرح تجھ کو بدلنا ہے عظیمؔ اب
خاموشیٔ گفتار کہیں شور و شغب لکھ