امداد ہمدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو نرم لہجے میں بات کرنا سکھا گیا ہے (غزل)
جو نرم لہجے میں بات کرنا سکھا گیا ہے
وہ شخص امدادؔ مجھ کو کندن بنا گیا ہے
محبتوں کے نگر سے آیا تھا جو پیامی
گرا کے دیوار نفرتوں کی چلا گیا ہے
میں وہ مسافر ہوں جس کا کوئی نہیں ٹھکانا
یہ نارسائی کا زخم مجھ کو رلا گیا ہے
مصالحت کا پڑھا ہے جب سے نصاب میں نے
سلیقہ دنیا میں زندہ رہنے کا آ گیا ہے
یہاں کے کربل میں کوئی تشنہ دہن نہیں ہے
وہ فوج نہر فرات پر کیوں بٹھا گیا ہے
میں اس مسافر کو یاد کر کے مطمئن ہوں
جو ڈھیر ساری دعائیں دے کے چلا گیا ہے
کسی کے واسطے کیا کیا ہمیں دکھ جھیلنے ہوں گے (غزل)
کسی کے واسطے کیا کیا ہمیں دکھ جھیلنے ہوں گے
شبوں کو جاگنا ہوگا کڑے دن کاٹنے ہوں گے
تری سنگیں فصیلوں کو تو جنبش تک نہیں آئی
ہوائیں لے اڑیں جن کو وہ اپنے جھونپڑے ہوں گے
بھنور تک تو کوئی آیا نہیں میرے لئے لیکن
میں بچ نکلا تو ساحل پر کئی بازو کھلے ہوں گے
خزاں کا زہر سارے شہر کی رگ رگ میں اترا ہے
گلی کوچوں میں اب تو زرد چہرے دیکھنے ہوں گے
ہمیں دنیا کی گردش یہ تماشہ بھی دکھائے گی
گھروں میں تیرگی ہوگی منڈیروں پر دئیے ہوں گے
کوئی دولت نہیں امدادؔ اپنے دست و دامن میں
فقط یادوں کے سکے دل تجوری میں رکھے ہوں گے