پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امداد علی بحر کی غزلیں — Imdad Ali Bahr Ghazals

امداد علی بحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وصل میں ذکر غیر کا نہ کرو (غزل)

وصل میں ذکر غیر کا نہ کرو

خوش کیا ہے تو پھر خفا نہ کرو

زلفوں پر مجھ کو شیفتہ نہ کرو

ان بلاؤں میں مبتلا نہ کرو

میری اتنی تو بات مانو بھلا

بات اغیار سے کیا نہ کرو

ملنے دوں گا نہ غیر سے تم کو

کرو مجھ سے ملاپ یا نہ کرو

مر بھی جاؤں کہیں یہ روگ مٹے

اے طبیبوں مری دوا نہ کرو

منہ چھپانا ہی ہے اگر منظور

میرے آنکھوں تلے پھرا نہ کرو

اے گل ان دنوں روؤ گے

کھلکھلا کر بہت ہنسا نہ کرو

بوسہ لینے دو کچھ تو ہو تقصیر

ہدف تیر بے خطا نہ کرو

جان صدقے کروں جو قدر کرو

دل تمہیں دوں اگر دغا نہ کرو

کبھی فریادتاً سنو میری

کون کہتا ہے تم جفا نہ کرو

غیر پر کیوں نگاہ کرتے ہو

مجھ کو اس تیر کا نشانہ کرو

دو گھڑی کے لیے ہم آئے ہیں

تلخ باتوں سے بے مزا نہ کرو

ایک پرزے پہ لکھ کے یہ دو حرف

دوستو یار کو روانہ کرو

جلد آؤ کہ دم نکلتا ہے

مجھ کو پیٹو اگر بہانہ کرو

بحرؔ شاکر رہو مقدر پر

کس و ناکس سے التجا نہ کرو

چار دن ہے یہ جوانی نہ بہت جوش میں آ (غزل)

چار دن ہے یہ جوانی نہ بہت جوش میں آ

اے بت مست مے حسن ذرا ہوش میں آ

دل یہ کہتا ہے جو وہ شمع عذار آ نکلے

بن کے فانوس پکاروں مرے آغوش میں آ

قدم یار کا آوازہ ہر اک گل پر ہے

امن چاہے جو خزاں سے مری پاپوش میں آ

میرے شعروں کے جو مشتاق ہیں فرماتے ہیں

در مضموں صدف لب سے نکل گوش میں آ

بے قرار ایسے ستارے در غلطاں ہو جائیں

آپ جھمکی سے جو فرمائیں نیا گوش میں آ

پیر ہوں بوجھ محبت کا اٹھاؤں کیوں کر

پھر جوانی کو پکاروں کہ برو دوش میں آ

بسر پیر مغاں روح تو ہی ہی اے روح

جلد شیشے سے نکل جسم قدح نوش میں آ

بیٹھ کر یار کے پہلو میں جو اٹھتا ہوں کبھی

پاۓ خوابیدہ یہ کہتا ہے مجھے ہوش میں آ

روز بد ایک نہ اک دن تجھے ننگیا لے گا

اے زری پوش ہم احباب نمد پوش میں آ

داغ ہو جائے گا یہ تاج زری کا اے شمع

جی جلانے کو نہ خوبان زری پوش میں آ

نعمت غیب سے کہتی ہے مہوس کی ہوا

اڑ کے جوہر کی طرح دیگ سے سرپوش میں آ

داغ ہیں ایک کے پر کالے بھڑک اٹھیں گے

دیکھ او فصل بہاری نہ بہت جوش میں آ

نقل محفل نظر آتا نہیں کوئی ہم میں

شیخ مسجد سے نکل بزم نے و نوش میں آ

وصل میں فصل نہ باقی رہے اے جان جہاں

جیسے پہلو میں ہے دل یوں مرے آغوش میں آ

ہاتھ آئے گا مقرر وہ غزال وحشی

بحرؔ چرتی ہے کہاں عقل ذرا ہوش میں آ

مزید غزلیں از امداد علی بحر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں