پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امداد آکاش کی غزلیں — Imdad Akash Ghazals

امداد آکاش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگرچہ جاننے والوں کے ساتھ چلتے ہیں (غزل)

اگرچہ جاننے والوں کے ساتھ چلتے ہیں

مگر ہم اپنے سوالوں کے ساتھ چلتے ہیں

طلب تو دیکھ ہماری ترے نگر کی طرف

ہم اپنے پاؤں کے چھالوں کے ساتھ چلتے ہیں

سب اپنے اپنے تضادوں کے دم سے ہیں زندہ

سب اپنے اپنے حوالوں کے ساتھ چلتے ہیں

بدن سنبھال کے چلنا شکاریوں کے ہجوم

سڑک پہ ریشمی جالوں کے ساتھ چلتے ہیں

سفر کے واسطے وہ راستہ چنا جس پر

عذاب قافلے والوں کے ساتھ چلتے ہیں

میں ٹوٹتا ہوا تارا ہوں کتنے اندیشے

مرے نحیف اجالوں کے ساتھ چلتے ہیں

یہاں ہر شخص اپنے گھر سے کم باہر نکلتا ہے (غزل)

یہاں ہر شخص اپنے گھر سے کم باہر نکلتا ہے

بدن کھو بیٹھنے کے ڈر سے کم باہر نکلتا ہے

کوئی سودا مرے سر میں سماتا ہی نہیں لیکن

سما جائے تو پھر وہ سر سے کم باہر نکلتا ہے

جہاں سورج برس میں ایک یا دو دن چمکتا ہو

وہاں سایہ کسی پیکر سے کم باہر نکلتا ہے

زمینیں ڈوب جانا چاہتی ہیں پیاس ایسی ہے

مگر سیلاب ہی ساگر سے کم باہر نکلتا ہے

وہ جس حیوان کو پتھر کے اندر رزق ملتا ہو

وہ پتھر کا ہے اور پتھر سے کم باہر نکلتا ہے

نہ جانے کتنی آوازیں بلاتی ہیں اسے لیکن

یہ سناٹا مرے اندر سے کم باہر نکلتا ہے

ابھی آکاش کا رشتہ نہیں ٹوٹا زمینوں سے

مگر وہ ابر کی چادر سے کم باہر نکلتا ہے

اسے میں نے جنا ہے (نظم)

اسے میں نے جنا ہے

دودھ اپنا دے کے پالا ہے

یہ خاکی پیرہن اس کا

سیا ہے اپنے ہاتھوں سے

ستارے اس پہ ٹانکے ہیں

جڑے ہیں چاند بھی اس پر

مشقت کی ہے دن بھر

اور اسے پیسے دئے

جن سے خریدی ہے کھلونا رائفل اس نے

بڑا نٹکھٹ ہے

اپنی رائفل میں ڈال کر گولی

مری جانب اٹھاتا ہے

لبلبی اس کی دباتا ہے

دھماکہ سن کے خوش ہوتا ہے

مزید غزلیں از امداد آکاش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں