پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایمان قیصرانی کی غزلیں — Iman Qaisrani Ghazals

ایمان قیصرانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رائگانی ہی رائگانی تھی (غزل)

رائگانی ہی رائگانی تھی

کیا کہانی مری کہانی تھی

اک تو راجا غضب کا ضدی تھا

پھر وہ رانی بھی قیصرانی تھی

وہ بھی تیری دلہن کو پہنا دی

جو انگوٹھی تری نشانی تھی

کتنے داؤ چلائے دنیا نے

پر وہ لڑکی بڑی سیانی تھی

ایک چھوٹا سا گھر نہیں تھا وہ

شاہ زادی کی راجدھانی تھی

وہ جو دل میں سما نہیں پائی

ایک تل میں کہاں سمانی تھی

پھر سے اک یاد کے تعاقب میں

آنکھ کل شام پانی پانی تھی

میرا بنتا تھا جان سے جانا

اس کی آنکھوں میں بد گمانی تھی

دان کر دی زمین زادوں کو

وہ محبت جو آسمانی تھی

چائے پینا تو اک بہانہ تھا

آرزو دل کی ترجمانی تھی

وہ محبت کہاں تھی ایماںؔ جی

اک مصیبت تھی ناگہانی تھی

ہنسنے رونے سے گئے ربط بڑھانے سے گئے (غزل)

ہنسنے رونے سے گئے ربط بڑھانے سے گئے

ایسی افتاد پڑی سارے زمانے سے گئے

وہ تعفن ہے کہ اس بار زمیں کے باسی

اپنے سجدوں سے گئے رزق کمانے سے گئے

دل تو پہلے ہی جدا تھے یہاں بستی والو

کیا قیامت ہے کہ اب ہاتھ ملانے سے گئے

اس قدر قحط وفا ہے مرے اطراف کہ اب

یار یاروں کو بھی احوال سنانے سے گئے

اپنا یہ حال کہ ہیں جان بچانے میں مگن

اور اجداد جو ہیں جان لڑانے میں گئے

تجھ کو کیا علم کہ ہم تیری محبت کے طفیل

ساری دنیا سے کٹے سارے زمانے سے گئے

راستے گرد میں اٹتے ہوئے راہی سے بچھڑ جاتے ہیں (نظم)

راستے گرد میں اٹتے ہوئے راہی سے بچھڑ جاتے ہیں

خون روتی ہوئی آنکھوں میں کہیں شام اتر جاتی ہے

آسماں کے سبھی جھلمل سے منور تارے

راکھ بن کر کسی تاریک سمندر میں بھٹک جاتے ہیں

پھول جو شاخ کی زینت تھے بکھر جاتے ہیں

اجنبی دیس میں پھر دور بہت دور کہیں

ایک ہنستا سا منور چہرہ

کیسی تاریک اداسی میں اتر جاتا ہے

اس کی جلتی ہوئی آنکھوں کا پگھلتا کاجل

اشک بن کر کہیں تکیے پہ بکھر جاتا ہے

جل ترنگ جیسی ہنسی شوخ تبسم اس کا

ایسا لگتا ہے گھنے درد میں کھو جاتا ہے

اس کی پلکوں پہ مچلتے آنسو

تھک کے پھر ہجر کی دہلیز پہ سو جاتے ہیں

اور وہ کتنے دنوں تک خود کو

نیم تاریک سے کمرے میں مقید کر کے

زہر کے جام پیا کرتی ہے

نیند اور خواب کے مابین سلگتے پل میں

بس تجھے یاد کیا کرتی ہے

اک ترا نام لیا کرتی ہے

اس کی آنکھوں میں ترے نام کو سن کر اکثر

ایسا لگتا ہے ہزاروں ہی دئے جلتے ہیں

اس کی دنیا کے سہانے منظر

نقش بنتے ہیں تری یاد کے سنگ چلتے ہیں

ہنستے گاتے ہوئے جگنو پنچھی

آبشاروں کا ترنم جیسے

اپنی ہستی کا تکلم جیسے

صوت و آہنگ کے سب رنگ ہمیشہ کے لئے

درد و آشوب کی آواز میں ڈھل جاتے ہیں

تو خفا ہو تو بہت دور بہت دور کہیں

ایک لڑکی کے شب و روز بدل جاتے ہیں

مزید غزلیں از ایمان قیصرانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں