پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امام بخش ناسخ کی غزلیں — Imam Bakhsh Nasikh Ghazals

امام بخش ناسخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جان ہم تجھ پہ دیا کرتے ہیں (غزل)

جان ہم تجھ پہ دیا کرتے ہیں

نام تیرا ہی لیا کرتے ہیں

چاک کرنے کے لیے اے ناصح

ہم گریبان سیا کرتے ہیں

ساغر چشم سے ہم بادہ پرست

مئے دیدار پیا کرتے ہیں

زندگی زندہ دلی کا ہے نام

مردہ دل خاک جیا کرتے ہیں

سنگ اسود بھی ہے بھاری پتھر

لوگ جو چوم لیا کرتے ہیں

کل نہ دے گا کوئی مٹی بھی انہیں

آج زر جو کہ دیا کرتے ہیں

دفن محبوب جہاں ہیں ناسخؔ

قبریں ہم چوم لیا کرتے ہیں

سب ہمارے لیے زنجیر لیے پھرتے ہیں (غزل)

سب ہمارے لیے زنجیر لیے پھرتے ہیں

ہم سر زلف گرہ گیر لیے پھرتے ہیں

کون تھا صید وفادار کہ اب تک صیاد

بال و پر اس کے ترے تیر لیے پھرتے ہیں

تو جو آئے تو شب تار نہیں یاں ہر سو

مشعلیں نالۂ شب گیر لیے پھرتے ہیں

تیری صورت سے کسی کی نہیں ملتی صورت

ہم جہاں میں تری تصویر لیے پھرتے ہیں

معتکف گرچہ بظاہر ہوں تصور میں مگر

کو بہ کو ساتھ یہ بے پیر لیے پھرتے ہیں

رنگ خوبان جہاں دیکھتے ہی زرد کیا

آپ زور آنکھوں میں اکسیر لیے پھرتے ہیں

جو ہے مرتا ہے بھلا کس کو عداوت ہوگی

آپ کیوں ہاتھ میں شمشیر لیے پھرتے ہیں

سرکشی شمع کی لگتی نہیں گر ان کو بری

لوگ کیوں بزم میں گل گیر لیے پھرتے ہیں

تا گنہ گاری میں ہم کو کوئی مطعوں نہ کرے

ہاتھ میں نامۂ تقدیر لیے پھرتے ہیں

قصر تن کو یوں ہی بنوا یہ بگولے ناسخؔ

خوب ہی نقشۂ تعمیر لیے پھرتے ہیں