پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

الیاس راحت کی غزلیں — Iliyas Rahat Ghazals

الیاس راحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کو آتا ہے جلا کر دیے گھر گھر رکھنا (غزل)

ہم کو آتا ہے جلا کر دیے گھر گھر رکھنا

ہم نے سیکھا نہ بغل میں کبھی خنجر رکھنا

یہ تو خوبی ہے کہ شیشوں سے محبت رکھو

پھر بھی لازم ہے تمہیں ہاتھ میں پتھر رکھنا

نوچ ڈالیں گی تجھے تیز عقابی نظریں

دختر شرم لپیٹے ہوئے چادر رکھنا

اب کہاں ہیں وہ قلندر کہاں ان کو ڈھونڈھیں

جن کو آسان تھا کوزے میں سمندر رکھنا

بس تمہارا ہے یہی آج اسے روشن رکھو

کل کی خاطر نہ چراغوں کو بجھا کر رکھنا

یہ میرا عزم سفر سرد نہ پڑ جائے کہیں

تم مری راہ میں ہر دن نیا پتھر رکھنا

شدت بھوک سے مر جانا گوارہ کر لو

پر نہ احساں کسی کم ظرف کا سر پر رکھنا

گھر بھی جاؤ جو اندھیروں میں کہیں تم راحتؔ

پھر بھی نظروں میں تم اپنی مہ و اختر رکھنا

مدتوں میں جب ملے تو پاس آ کر رو پڑے (غزل)

مدتوں میں جب ملے تو پاس آ کر رو پڑے

کھل اٹھے تھے وہ اچانک مسکرا کر رو پڑے

ان سے پوچھا میں نے جب ترک تعلق کا سبب

وہ مجھے ہیروں جڑے کنگن دکھا کر رو پڑے

جو مری بربادیوں کی سازشیں کرتے رہے

وہ فسادی کیوں مرا چھپر جلا کر رو پڑے

تم سے کچھ کہنا ہے مجھ کو روز کہلاتے تھے وہ

مل گئے تو بس لبوں کو کپکپا کر رو پڑے

وقت رخصت تو کہا ہنس کر خدا حافظ مگر

صبر کا جب باندھ ٹوٹا دور جا کر رو پڑے

حال جب پوچھا تو راحتؔ ہو نہ پایا ضبط حال

دفعتاً آنچل میں وہ چہرہ چھپا کر رو پڑے

چھڑا کے دامن بچھڑنے والے (نظم)

چھڑا کے دامن بچھڑنے والے

ابھی تلک تو دھڑک رہا ہے

خموش دل کی اداسیوں میں

رفاقتوں کے حسین لمحے

غموں کی اوڑھے دبیز چادر

سبک رہے ہیں

جہاں گزاریں تھیں ہم نے شامیں

وہ پارکوں کی خنک فصیلیں

پکارتی ہیں

ترے بدن کی جواں تپن کو

ہوا کے شبنم نواز جھونکے

ترس رہے ہیں

کنوارے پن کی لطافتوں کو

گداز پہلو کے لمس بھر کو

ترے پسینے کی اس مہک کو

جو ہے نشیلی

جہاں سے گزرے تھے ساتھ اکثر

وہ راہیں روکے ہوئے ہیں سانسیں

جہاں پہ پھیلا کے پاؤں پہروں

حسین فردا میں گم رہے تھے

وہ گھاس اپنی ردا بچھائے

تری ابھی تک بھی منتظر ہے

وہ ڈھلتے سورج کی تنگ سانسیں

افق کے چہرے کا سرخ منظر

ندی کے ساحل پہ چاند بیٹھا

نہارتا ہے

تری ہی سنسان رہ گزر کو

شفق کی آنکھیں لہو لہو ہیں

فضا کا چہرہ دھواں دھواں ہے

اداس موسم کی بند پلکیں

ملیح شبنم کو چاٹتی ہیں

اور تجھ کو

سبک سبک کر پکارتی ہیں

اے کاش تیرا

وہ چاند جیسا حسین پیکر

سبھی دھندھلکوں کو چاک کر دے

اور جھلکے

رفاقتوں کی اسی فضا میں

جہاں ابھی بھی

سبھی مناظر وہ منتظر ہیں

وہ رہ گزر بھی

وہ گھاس مخمل صفت ہری ہے

بچھڑنے والے تو لوٹ بھی آ

پکارتی ہیں ابھی تجھی کو

گئے دنوں کی حسین شامیں

مزید غزلیں از الیاس راحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں