الیاس چشتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے دل میں بسے نہیں تھے ہم (غزل)
تیرے دل میں بسے نہیں تھے ہم
عشق میں کیا کھرے نہیں تھے ہم
کس طرح تیری خیریت ملتی
فیس بک سے جڑے نہیں تھے ہم
خوب روئے لپٹ کے البم سے
تجھ سے تو بولتے نہیں تھے ہم
تو نے خود ہی دیا تھا دل ہم کو
پاؤں تیرے پڑے نہیں تھے ہم
جا کے واپس بھی لوٹ سکتے تھے
غیر کے تو ہوئے نہیں تھے ہم
درد الفت ہوا تھا ہم کو بھی
سنگ کے تو بنے نہیں تھے ہم
آپ جتنا ہمیں سمجھتے تھے
اس قدر بھی برے نہیں تھے ہم
تجھ سے ملنے کی دھن میں عید کے دن
اور کسی سے ملے نہیں تھے ہم
مدتوں اس نے لوٹا قسطوں میں
ایک دن میں لٹے نہیں تھے ہم
یہ بات سچ ہے ابھی مکمل تو عشق میرا ہوا نہیں ہے (غزل)
یہ بات سچ ہے ابھی مکمل تو عشق میرا ہوا نہیں ہے
ابھی تو دامن پھٹا نہیں ہے لہو نظر سے بہا نہیں ہے
بہت پرانی کتاب سے جو گلاب نکلا تو آہ نکلی
اس آہ سے یہ عیاں ہوا ہے کہ زخم دل کا بھرا نہیں ہے
عبادتوں کی طرح محبت کا ورد کرتا ہوں اور کروں گا
تری نظر میں خطا ہے لیکن مری نظر میں خطا نہیں ہے
تمہارا تھا میں تمہارا ہوں اور سدا رہوں گا تمہارا بن کر
یقین جانو بچھڑ کے تم سے یہ دل کسی کو دیا نہیں ہے
ملن ہے پہلا خیال رکھنا طویل اس سے نہ بات کرنا
نماز مغرب اسے سمجھنا کہ یہ نماز عشا نہیں ہے