الیاس بابر اعوان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غلام زادوں میں کوئی غلام ہے ہی نہیں (غزل)
غلام زادوں میں کوئی غلام ہے ہی نہیں
ہمارے شہر میں سچ کا نظام ہے ہی نہیں
یہ لوگ جلد ہی پتھر میں ڈھلنے والے ہیں
یہاں کسی سے کوئی ہم کلام ہے ہی نہیں
میں دیکھتا ہوں انہیں اور گزرتا جاتا ہوں
تمام چہرے ہیں چہروں کے نام ہے ہی نہیں
تمہاری مرضی ہے رکھ لو ہمیں یا ٹھکرا دو
ہمارے پاس محبت کا دام ہے ہی نہیں
یہ لوگ اسے تری تصویر ہی سمجھتے ہیں
پر اس کے جیسا کوئی خوش کلام ہے ہی نہیں
وہاں پہ خوابوں کو خیرات کر کے چلتے بنو
جہاں شعور حلال و حرام ہے ہی نہیں
ذرا سی لہجے کی نرمی سے مان جائیں گے
کہ بگڑے لوگوں کا کوئی امام ہے ہی نہیں
دیے جلیں گے تو پھر روشنی تو ہوگی ناں (غزل)
دیے جلیں گے تو پھر روشنی تو ہوگی ناں
کلاس فیلو ہیں ہم دوستی تو ہوگی ناں
نظر جھکائے یوں ہی پاس سے نہیں گزرا
فریب کار کو شرمندگی تو ہوگی ناں
یہ میرا فیض نہیں خانوادے کا ہے مزاج
سو میرے چاروں طرف روشنی تو ہوگی ناں
ہمارے جیب تراشوں کے حسن ظن کو سلام
کہ زر ہوا نہ ہوا شاعری تو ہوگی ناں
کبھی جو آنکھوں سے کرتے تھے آج کہنا پڑیں
ہماری باتوں میں بے ربطگی تو ہوگی ناں
پرندے اپنے ٹھکانوں پہ اڑ کے جا چکے ہیں
ہمارے نان و نمک میں کمی تو ہوگی ناں
ریشہ ریشہ گیت کا گوٹا ہر اک انگ میں رقص (نظم)
ریشہ ریشہ گیت کا گوٹا ہر اک انگ میں رقص
سانس کے بھیتر کوئل بولے پنچھی جیسا شخص
انگلی کے چھلے میں راج کمل کے گورے پنکھ
ہائے رے موری پیت نگوڑی ہائے رے مورے پنکھ
گالوں پر غازے کے پیچھے درد کے سوکھے پھول
لچکیلی بانہوں کی شاخوں پر نفرت کی دھول
ٹھمری کے بولوں میں پنہاں اکلاپے کا بین
دن آنکھوں میں کٹ جاتا ہے کیسے کٹے یہ رین
قوس قزح سے پیراہن میں سندر سندر جسم
ہونٹوں کی پھسلن پر گرتا پڑتا کورا اسم
کالی کالی قسمت ان کی نیلے پیلے خواب
اتنے رنگوں میں اپنی پہچان بھی ایک عذاب