اکرام اللہ خان اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے ہونے کا تماشا نہیں ہونے دیتا (غزل)
میرے ہونے کا تماشا نہیں ہونے دیتا
ظرف دھیما مرا لہجہ نہیں ہونے دیتا
جھیل کی طرح مجھے قید کیا ہے اس نے
میرے جذبات کو دریا نہیں ہونے دیتا
استعانت وہ بہرحال کیا کرتا ہے
میرا مالک مجھے رسوا نہیں ہونے دیتا
میری عادت ہے کہ پوشیدہ مدد کرتا ہوں
اپنے ہمسائے کو رسوا نہیں ہونے دیتا
نت نئے درد دیا کرتا ہے دلبر مجھ کو
غم دنیا کو اکیلا نہیں ہونے دیتا
جس کو پالا کہ بڑھاپے کی بنے گا لاٹھی
خود کا بیٹا یہ سہارا نہیں ہونے دیتا
ڈال دیتا ہے وہ رشتوں میں دراڑیں اظہرؔ
بھائیوں کو کبھی یکجا نہیں ہونے دیتا
قیامت کی تڑپ غم انتہا کا (غزل)
قیامت کی تڑپ غم انتہا کا
صلہ ہم کو ملا ہے یہ وفا کا
بھرم ٹوٹا نہیں میری انا کا
ابھی تک فضل ہے اظہر خدا کا
ہمیں پھر خوف کیا روز جزا کا
وسیلہ ہے محمد مصطفیٰ کا
سنبھل کر کیجئے گا گفتگو بھی
مخالف آج کل ہے رخ ہوا کا
مزہ آنے لگا ہے درد دل میں
اثر شاید ہے یہ میری دعا کا
کوئی خائف نہ اس کو کر سکے گا
جو دامن تھام لے مشکل کشا کا
جہاں سچ بولنا ہے جرم اظہرؔ
وہاں کیا کام ہے اہل صفا کا