پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکرام الحق سرشار کی غزلیں — Ikram Ul Haq Sarshar Ghazals

اکرام الحق سرشار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں تپ عشق میں با دیدۂ تر جاؤں گا (غزل)

میں تپ عشق میں با دیدۂ تر جاؤں گا

آگ کا بھی ہو سمندر تو گزر جاؤں گا

میں اندھیروں سے کرن بن کے گزر جاؤں گا

اوس بن کر مَیں رگ گل میں اتر جاؤں گا

میری حیرت ہی اڑائے گی تمسخر میرا

آئنے سامنے آئیں گے جدھر جاؤں گا

تم جہاں مجھ پہ عنایت کی نظر ڈالو گے

میں وہیں صفحۂ ہستی پہ ابھر جاؤں گا

کبھی روؤں گا میں سایوں سے لپٹ کر سرشارؔ

اور کبھی اپنی ہی پرچھائیں سے ڈر جاؤں گا

میرے جذبوں کا وہ معیار نہیں ہو سکتا (غزل)

میرے جذبوں کا وہ معیار نہیں ہو سکتا

عکس پانی میں گرفتار نہیں ہو سکتا

یہ تو ہم ایسے مسافر یہاں آئے تھے کبھی

ورنہ صحرا کبھی گلزار نہیں ہو سکتا

میں محبت ہوں محبت ہی عبادت ہے مری

میں کسی سے کبھی بیزار نہیں ہو سکتا

تیرے بارے میں مری اپنی بھی رائے ہے کوئی

اور اس رائے سے انکار نہیں ہو سکتا

جس کو رستے کا پتہ ہو نہ ہو منزل کا سراغ

وہ کبھی قافلہ سالار نہیں ہو سکتا

وہ جو حق بات سر دار نہیں کہہ پایا

اور ہوگا کوئی سرشارؔ نہیں ہو سکتا

مزید غزلیں از اکرام الحق سرشار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں