اکرام اعظم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لے چلے ہو تو کہیں دور ہی لے جانا مجھے (غزل)
لے چلے ہو تو کہیں دور ہی لے جانا مجھے
مت کسی بسری ہوئی یاد سے ٹکرانا مجھے
میں تو اس میں بھی بہت خوش ہوں ترا نام تو ہے
ایک جرعہ بھی ترے نام کا مے خانہ مجھے
آج دانستہ تغافل سے ہوں ہارا ہوا میں
کل تلک عمر کی سچائی تھی افسانہ مجھے
تو نے بھی مان لیا لوگوں کا پھیلایا سچ
تو نے بھی جاتے ہوئے لوٹ کے دیکھا نہ مجھے
علم کے طور پہ سیکھے ہیں محبت کے رموز
تم بنا سوچے ہی کہہ جاتے ہو دیوانہ مجھے
آ مری جان کے دشمن تری تادیب کروں
تیرا ہر وار لگا غیر دلیرانہ مجھے
اب مجھے تو ہی بتا دونوں میں کیوں تجھ کو چنوں
تو نے رکھا نہ مجھے درد نے چھوڑا نہ مجھے
ہر راحت جاں لمحے سے افتاد کی ضد ہے (غزل)
ہر راحت جاں لمحے سے افتاد کی ضد ہے
بیداد زمانہ بھی کسی داد کی ضد ہے
ہر خیر کسی شر سے بقا یاب ہوئی ہے
یہ حسن تعادل بھی تو اضداد کی ضد ہے
اب آنکھیں بھلا کس طرح تقسیم کرے ماں
دیواریں کھڑی کرنا تو اولاد کی ضد ہے
گریہ نہیں معقول بیاد کس رفتہ
لیکن یہ تماشا دل ناشاد کی ضد ہے
میں راستہ بھولا ہوا پیادہ ہوں مجھے کیا
رہبر کو اگر جادۂ برباد کی ضد ہے
میں خود سے نبھانے کا روادار نہیں تھا
یہ پہلی محبت مرے ہم زاد کی ضد ہے
ہیں فکر کے آثار خداؤں کی جبیں پر
اک ابد زیاں کار کو الحاد کی ضد ہے