پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکرام بسراء کی غزلیں — Ikram Basra Ghazals

اکرام بسراء کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے خدائے جنوں خدا حافظ (غزل)

اے خدائے جنوں خدا حافظ

بندگی کے فسوں خدا حافظ

جن لبوں سے تمہیں دیا بوسہ

کیسے ان سے کہوں خدا حافظ

ظاہراً ایک لمس تھا اس کا

زخم ہائے دروں خدا حافظ

چشم نم کی ہوا مبارک ہو

اے مرے دل کے خوں خدا حافظ

تیرا جانا عجیب لگتا تھا

اب حمایت میں ہوں خدا حافظ

حالت رقص میں ہے ٹھہراؤ

اضطراب و سکوں خدا حافظ

تم مجھے سن کے ان سنی کرنا

لاکھ کہتا رہوں خدا حافظ

میں محبت کی آنکھ سے نکلا

آخری اشک ہوں خدا حافظ

لوگوں کے مرشد ایک طرف (غزل)

لوگوں کے مرشد ایک طرف

اور ذہن میں شاید ایک طرف

لیکن کہنے کو زندہ ہیں

مرنا سو فیصد ایک طرف

آوازیں قید نہیں ہوتیں

حد ہو یا سرحد ایک طرف

تم آؤ تو ہو سکتا ہے

جینے کا مقصد ایک طرف

اب تک جو بھی تحریر ہوا

تیرے نام کے ابجد ایک طرف

دنیا میں سب کچھ فانی ہے

تیرے خال و خد ایک طرف

ہم ٹھہرے ہوئے رستوں سے ہیں

یہ رخصت و آمد ایک طرف

نقشے کاغذ کے ٹکڑے ہیں

سینے میں سرحد ایک طرف

انسان خطا کا پتلا ہے

البتہ مرتد ایک طرف

بس نام رہے گا اللہ کا

باقی شد و مد ایک طرف

میں کب سے خالی سجدے کر رہا تھا (نظم)

میں کب سے خالی سجدے کر رہا تھا

غلط لوگوں پہ جھوٹا مر رہا تھا

مگر اب بھول کر ساری خدائی

تری صورت مرا مذہب ہوئی ہے

مجھے پہلے محبت تو ہوئی تھی

مگر پہلی محبت اب ہوئی ہے

مزید غزلیں از اکرام بسراء ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں