پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اجتبیٰ رضوی کی غزلیں — Ijtiba Rizvi Ghazals

اجتبیٰ رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک اخگر جمال فروزاں بہ شکل دل (غزل)

اک اخگر جمال فروزاں بہ شکل دل

پھینکا ادھر بھی حسن تجلی نثار نے

افسردگی بھی حسن ہے تابندگی بھی حسن

ہم کو خزاں نے تم کو سنوارا بہار نے

اس دل کو شوق دید میں تڑپا کے کر دیا

کیا استوار وعدۂ نا استوار نے

جلوے کی بھیک دے کے وہ ہٹنے لگے تھے خود

دامن پکڑ لیا نگہ اعتبار نے

گیسو غبار راہ تمنا سے اٹ نہ جائیں

صحرا میں آپ نکلے ہیں ہم کو پکارنے

ہزار آرزو ہو تم یقیں ہو تم گماں ہو تم (غزل)

ہزار آرزو ہو تم یقیں ہو تم گماں ہو تم

قفس نصیب روح کی امید آشیاں ہو تم

دلوں کو آ کے دیکھ لو یقیں نہیں گماں ہو تم

لب فسانہ ساز پر برائے داستاں ہو تم

غبار بن کے آرزو رواں دواں ہے کو بکو

کہیں سے کچھ صدا تو دو کہاں ہو تم کہاں ہو تم

رہ دراز زندگی میں رہروؤں کی خیر ہو

کہ ناقہ بد قدم ہے اور شریر سارباں ہو تم

جبیں نے کھینچ تو لیا تمہیں ضمیر سنگ سے

ہجوم سجدہ کی قسم مگر ابھی نہاں ہو تم

زباں گل و گیاہ کی ہے شکوہ سنج بے دلی

یہی تمہارا باغ ہے اسی کے باغباں ہو تم

بہر فسوں تمہیں بس اک مذاق داستاں گری

کہیں دل جرس ہو تم کہیں لب اذاں ہو تم

نہ خط جادۂ قدم نہ شمع منزل نظر

ابھی تو کارواں کو ایک ہوئے کارواں ہو تم

نظر سے آج جو گزری ہیں چند تصویریں (نظم)

نظر سے آج جو گزری ہیں چند تصویریں

وہ دل پہ نقش ہیں جیسے لہو کی تحریریں

بسی ہے جنگ سرنگا پٹام آنکھوں میں

کسی شہید پہ سایہ کئے ہیں شمشیریں

غلام قوم تجھے کچھ حیا بھی آتی ہے

ہیں تیرے چاند یہ خاک افگنی کی تدبیریں

ترا چراغ سر شام بجھ گیا لیکن

سحر کے بھیس میں پھیلیں گی اس کی تنویریں

مرے شہید ترے نام پاک سے قومیں

کریں گی آیۂ حب وطن کی تفسیریں

پیام سعیٔ سرافرازیٔ وطن ہے تو

شہید و غازی و جرار و صف شکن ہے تو

سیاست وطنی کی فضا تھی زہر آلود

ہوائے غرب تھی ناسازگار و نا مسعود

صباح دولت تیموریہ کی آئی تھی شام

پڑا تھا نیر اقبال ہند سر بہ سجود

گلوں کو لوریاں دیتا تھا اعتبار بہار

چمن میں سبزۂ بیگانہ پا رہا تھا نمود

ہے تیرے بعد تری یاد افتخار وطن

ترا مزار ہے شمع سر مزار وطن

پکارتی ہیں سرنگا پٹم کی دیواریں

کہ ہم کو یاد ہیں وہ گولیوں کی بوچھاریں

دہن کشادہ ہیں چوٹوں کے گھاؤ کیا معلوم

یہ کب حمیت حب وطن کو للکاریں

شہید زندۂ جاوید ہیں وہی ساونت

جو نام پاک وطن پر لڑیں مریں ماریں

اس ایک جان گرامی پہ لاکھ جاں صدقے

اس ایک موت پہ سو عمر جاوداں صدقے

مزید غزلیں از اجتبیٰ رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں