پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اجلال مجید کی غزلیں — Ijlal Majeed Ghazals

اجلال مجید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرا ہی خون پی کے ہر اک رات رات بھر (غزل)

میرا ہی خون پی کے ہر اک رات رات بھر

آسیب ناچتے ہیں مرے ساتھ رات بھر

بے چہرہ دشمنوں کے خیالی خطر کا خوف

بیٹھے رہے لگائے ہوئے گھات رات بھر

یادوں کی نرم آنچ میں سکتے رہے بدن

باتوں میں سے نکلتی رہی بات رات بھر

بھیتر بدن جھلستے تھے اپنی ہی آگ میں

باہر برس رہی تھی یوں برسات رات بھر

ان سے ہی منہ کو موڑ کے سوتے ہیں ان دنوں

کرتے تھے جن کو پیار کبھی رات رات بھر

مٹی تھا کس نے چاک پہ رکھ کر گھما دیا (غزل)

مٹی تھا کس نے چاک پہ رکھ کر گھما دیا

وہ کون ہاتھ تھے کہ جو چاہا بنا دیا

جو اب تلک چھپائے تھی کمرے کی روشنی

رستوں کی تیرگی نے وہ سب کچھ دکھا دیا

پریوں کے دیس والی کہانی بھی خوب ہے

بچوں کو جس نے پھر یونہی بھوکا سلا دیا

اب اور کیا تلاش ہے کیوں دیدہ ریز ہو

مٹی میں بس وہی تھا جو تم نے اگا دیا

کچھ اژدہے سے ریت پہ کچھ بند سیپیاں

ساحل کو لوٹتی ہوئی لہروں نے کیا دیا

مزید غزلیں از اجلال مجید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں