ابن امید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بندہ پتلا خطا کا ہوتا ہے (غزل)
بندہ پتلا خطا کا ہوتا ہے
مسئلہ تو انا کا ہوتا ہے
وہی مستول ڈھیلا کرتے ہیں
جن پہ تکیہ بلا کا ہوتا ہے
ہم یونہی خواب بنتے رہتے ہیں
کھیل سارا قضا کا ہوتا ہے
سوختہ تن کی راکھ پر شاید
ظلم باقی ہوا کا ہوتا ہے
جس کو شبنم ملے نہ حصے کی
پھول وہ ادھ کھلا سا ہوتا ہے
ہنسنا آہ و فغاں سے سیکھا ہے (غزل)
ہنسنا آہ و فغاں سے سیکھا ہے
یہ ہنر بھی جہاں سے سیکھا ہے
ہر خوشی سے نظر چرا لینا
اک عجب مہرباں سے سیکھا ہے
دوڑ سے خود کو یوں الگ رکھنا
منزل بے نشاں سے سیکھا ہے
سب سے کہنا خوشی کے آنسو ہیں
یہ بھرم آستاں سے سیکھا ہے
ایسے خود کو اذیتیں دینا
تو نے فرخؔ کہاں سے سیکھا ہے
اک رات اندھیری ہے (نظم)
اک رات اندھیری ہے
اور وقت کی آندھی ہے
طغیانی کے عالم میں
اک رات گھروندا ہے
امید کا دیپک ہے
پروانے سا جذبہ ہے
اک میں ہوں خدا بھی ہے
اک روز سحر ہوگی