حسام تعجب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دریا بھی نہیں تھے ترے ساحل بھی نہیں تھے (غزل)
دریا بھی نہیں تھے ترے ساحل بھی نہیں تھے
ہم کشتی ڈبانے میں تو شامل بھی نہیں تھے
وہ لوگ جو سالوں سے سزا کاٹ رہے ہیں
وہ قاتلوں کی بھیڑ میں شامل بھی نہیں تھے
ہم جن کی محبت میں بھلا بیٹھے ہیں خود کو
وہ کہتے ہیں ہم پیار کے قابل بھی نہیں تھے
جو شخص مرے دل سے نکالے نہیں نکلا
اس شخص کے ہم دل میں تو داخل بھی نہیں تھے
تعبیر کی خواہش میں بھٹکتے رہے لیکن
رستا بھی نہیں تھے تری منزل بھی نہیں تھے
وہ لوگ جنہیں اپنا سمجھتے رہے اب تک
وہ لوگ بھروسے کے تو قابل بھی نہیں تھے
تم جن کے بچھڑ جانے پہ صدمے میں گئے ہو
حسامؔ تمہیں لوگ وہ حاصل بھی نہیں تھے
پرانی اک کہانی لکھ رہا ہوں (غزل)
پرانی اک کہانی لکھ رہا ہوں
کہاں گزری جوانی لکھ رہا ہوں
مرے اشعار میں کچھ بھی نہ میرا
میں بس اس کی نشانی لکھ رہا ہوں
ہوا کیا ہے مجھے کوئی بتائے
میں کیوں پانی سے پانی لکھ رہا ہوں
وہ جس کے عشق نے شاعر بنایا
اسی کی مہربانی لکھ رہا ہوں
مری تقدیر میں شاید نہیں ہے
میں جس کو دل کی رانی لکھ رہا ہوں
محبت کر کے دیکھا ہے تبھی تو
محبت کو میں فانی لکھ رہا ہوں