حسان حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ناقۂ وقت نکلتی ہی چلی جاتی ہے (غزل)
ناقۂ وقت نکلتی ہی چلی جاتی ہے
جسم سے خاک پھسلتی ہی چلی جاتی ہے
زخم سینے میں چھپا رکھ کہ ہوا ہے ایسی
خاک ہر پھول پہ ملتی ہی چلی جاتی ہے
ہیں سب آئینے پریشاں کہ عروس فطرت
رنگ ہر لحظہ بدلتی ہی چلی جاتی ہے
دل شکن کتنی ہے اس خاک رواں کی رفتار
پا شکستوں کو کچلتی ہی چلی جاتی ہے
کس کی رہ دیکھ رہی ہے کہ کوئی شمع وفا
دل سے خیمے میں بھی جلتی ہی چلی جاتی ہے
سر میں کیا شعلۂ خود سر ہے کہ نیچے ہر شے
موم کی طرح پگھلتی ہی چلی جاتی ہے
ہاتھ پاؤں تو میں ماروں ہوں پہ وہ چشم فسوں
مثل گرداب نگلتی ہی چلی جاتی ہے
پھول پھینکے ہیں کسی یاد نے کیا کیا حیدرؔ
دل میں جو راکھ تھی جلتی ہی چلی جاتی ہے
رائیگاں چلتا چلا جاتا ہوں (غزل)
رائیگاں چلتا چلا جاتا ہوں
میں کہاں چلتا چلا جاتا ہوں
بے نشاں بحر فنا کھینچتا ہے
بے کراں چلتا چلا جاتا ہوں
جس ہیولے سے یہ گلشن پھولا
اس کے ہاں چلتا چلا جاتا ہوں
تم کہاں چلتی ہوئی جاتی ہو
ہوں شبستان لہو میں سویا
خواب ساں چلتا چلا جاتا ہوں