حسان عارفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ظلم سے درگزر نہیں آتا (غزل)
ظلم سے درگزر نہیں آتا
ہاں مجھے یہ ہنر نہیں آتا
جب تلک میرے سر نہیں آتا
ان کا الزام بر نہیں آتا
تب فلک پر قمر نہیں آتا
یار جب بام پر نہیں آتا
فرق زیر و زبر نہیں آتا
مجھ کو کچھ بھی نظر نہیں آتا
ہجرتوں کی اندھیری راہوں میں
چلتا جاتا ہوں گھر نہیں آتا
چشم نرگس اداس رہتی ہے
اب کوئی دیدہ ور نہیں آتا
بات میں صاف صاف کرتا ہوں
مجھ کو یہ گر مگر نہیں آتا
زندگی اتنی دیر مہلت دے
جب تلک نامہ بر نہیں آتا
جانے کب سے ہوں منتظر اس کا
پر مرا منتظر نہیں آتا
عشق دیتا ہے خود خبر اپنی
لے کے قاصد خبر نہیں آتا
عمر بھی لوٹ کر نہیں آتی
وقت بھی لوٹ کر نہیں آتا
پھر نہ مل پاؤں گا زمانے سے
یاد خود کو اگر نہیں آتا
روشنی سے بنے جو ہوتے ہیں
ان کا سایہ نظر نہیں آتا
وقت وہ میہمان ہے حسانؔ
جو کبھی لوٹ کر نہیں آتا
تجھ سا ملے گا ماں نہ کوئی معتبر مجھے (غزل)
تجھ سا ملے گا ماں نہ کوئی معتبر مجھے
رہنے دے زیر پا تو یوں ہی عمر بھر مجھے
مجھ کو گزارتی رہی ماضی کی رہ گزر
حسرت سے دیکھتا رہا مٹی کا گھر مجھے
میری صدائیں برسر محفل نہ جب رہیں
دنیا نے تنہا چھوڑ دیا خاک پر مجھے
اک شعر جانے کس کے تصور میں کہہ دیا
برسوں پکارتا رہا میرا ہنر مجھے
حسانؔ قتل و خون کے منظر پہ کیا لکھوں
ہر سر دکھائی دیتا ہے اپنا ہی سر مجھے