پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسرت شروانی کی غزلیں — Hasrat Sharvani Ghazals

حسرت شروانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روئے زیبا نظر نہیں آتا (غزل)

روئے زیبا نظر نہیں آتا

اپنا جینا نظر نہیں آتا

لاف الفت بہت زمانے میں

مرنے والا نظر نہیں آتا

درد دل کی دوا ہے جس کی نظر

وہ مسیحا نظر نہیں آتا

گل و گلشن سے کیا تسلی ہو

گل رعنا نظر نہیں آتا

پھول بوٹے بہت ہیں گلشن میں

سرو بالا نظر نہیں آتا

طبع مواج کے مقابل ہو

ایسا دریا نظر نہیں آتا

جس پہ مٹ جانے کی تمنا ہے

وہ سراپا نظر نہیں آتا

چھان ڈالا جہان اس کے لئے

نہیں آتا نظر نہیں آتا

جس میں وحشت کے حوصلے نکلیں

ایسا صحرا نظر نہیں آتا

تھک گئی تارے گنتے گنتے نگاہ

ماہ سیما نظر نہیں آتا

جس میں صورت نما ہو نقش مراد

ایسا نقشہ نظر نہیں آتا

لاکھوں جلوہ نظر میں ہیں حسرتؔ

جلوہ فرما نظر نہیں آتا

قطرۂ اشک کا مژگاں پہ مرے یہ عالم (غزل)

قطرۂ اشک کا مژگاں پہ مرے یہ عالم

صبح دم گھاس کی پتی پہ ہو جیسے شبنم

حسرتیں دل کی نکل جاتیں ذرا تو اے کاش

ایک ہی رات کو مل بیٹھتے ہم تم باہم

سر میں انسان کی منصوبے بھرے تھے کیا کیا

ہائے پر موت نے سب کر دئے درہم برہم

بے نیازی نے کیا خون تمنا کا مری

سینہ میں دل کے تڑپنے سے ہے برپا ماتم

سر سے جاتے رہے اک عمر کے شکوے حسرتؔ

مل کے جب بیٹھ گئے دو گھڑی ہم وہ باہم

مزید غزلیں از حسرت شروانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں