حسرت شادانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیزار خود نہ ہوتے اگر زندگی سے ہم (غزل)
بیزار خود نہ ہوتے اگر زندگی سے ہم
اے ضبط غم فریب نہ کھاتے کسی سے ہم
تھا عرصۂ حیات محبت میں ہم پہ تنگ
کرتے رہے نباہ مگر زندگی سے ہم
شاید نگاہ لطف ہماری طرف بھی ہو
یوں تک رہے ہیں آج انہیں بے کسی سے ہم
لے آئی بے خودی یہ ہمیں کس مقام پر
معلوم ہو رہے ہیں جہاں اجنبی سے ہم
جب تک نہ دے نجات غم زندگی ہمیں
لڑتے رہیں گے کشمکش زندگی سے ہم
اے بے وفا وفا کا ہماری نہ دے جواب
تجھ کو سمجھ رہے ہیں تری بے رخی سے ہم
حسرتؔ کو تو نے راہ محبت میں کھو دیا
باز آئے خضر راہ تری رہبری سے ہم
میں جواب ان کو کیا دوں جو سوال پوچھتے ہیں (غزل)
میں جواب ان کو کیا دوں جو سوال پوچھتے ہیں
مجھے کر کے خود پریشاں مرا حال پوچھتے ہیں
کوئی ایسا سر پھرا ہے کوئی ایسا مبتلا ہے
مری عاشقی کی دے کر وہ مثال پوچھتے ہیں
کسی اک سوال کا بھی نہ جواب دے سکیں گے
سر بزم ہر کسی سے جو سوال پوچھتے ہیں
ترا ذوق عاشقانہ ہوا کب جواں بتانا
وہ بصد نیاز مندی سن و سال پوچھتے ہیں
نہیں سب کے پوچھنے کی کوئی بات اس میں حسرتؔ
جو رفیق ہیں وہ اکثر مرا حال پوچھتے ہیں