حسام الدین حیدر نامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل میں اس بت کے پیار کس کا ہے (غزل)
دل میں اس بت کے پیار کس کا ہے
بے وفا ہے وہ یار کس کا ہے
ہم جتاتے ہیں اعتماد اپنا
پر اسے اعتبار کس کا ہے
سچ بتاؤ مجھے تم اے آنکھو
آج یہ انتظار کس کا ہے
مجھ کو کہتے ہو بد مزاج ہے تو
روٹھ جانا شعار کس کا ہے
رشک آتا ہے مجھ کو لالہ پر
یہ دل داغدار کس کا ہے
بھول بیٹھے ہو کچھ پہن کے اسے
سچ بتاؤ یہ ہار کس کا ہے
تو ہی کہہ عندلیب داغوں سے
سینہ باغ و بہار کس کا ہے
دیکھ تو آ کے اے شکار انداز
تیر یہ دل کے پار کس کا ہے
مر گیا کون تیرے کوچے میں
یاں یہ تازہ مزار کس کا ہے
نامیؔ جاتی ہے ہر قدم پر جان
آہ یہ رہ گزار کس کا ہے
بدنامیٔ الفت کو یہ عار نہ سمجھے گا (غزل)
بدنامیٔ الفت کو یہ عار نہ سمجھے گا
اس دل کو نہ سمجھاؤ زنہار نہ سمجھے گا
بیمار ہوا ہوں میں اک عشوۂ پنہاں سے
عیسیٰ بھی مرے دل کو آزار نہ سمجھے گا
حرص اس لب شیریں کی کیا دل سے مرے کم ہو
پرہیز کبھو اچھا بیمار نہ سمجھے گا
غفلت کو جوانی کی کچھ پوچھو نہ اے زاہد
بے ہوشی کی لذت کو ہشیار نہ سمجھے گا
گو راہ محبت میں جاتی ہیں چلی جانیں
مرد رہ عشق اس کو دشوار نہ سمجھے گا
مجھ سے ہے اسے ملنا اک ننگ کا باعث ہے
اغیار کے ملنے کو وہ عار نہ سمجھے گا
سمجھانے دو ناصح کو مت منع کرو یارو
جب تک نہ سنے گا وہ دو چار نہ سمجھے گا
حال دل خوں گشتہ نامیؔ نے لہو رو رو
نامہ میں کیا انشا پر یار نہ سمجھے گا