حسرتؔ عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم آپ کو تو عشق میں برباد کریں گے (غزل)
ہم آپ کو تو عشق میں برباد کریں گے
تاثیر وفا پر تجھے کیا یاد کریں گے
یاں سخت دلوں میں نہیں ہم دم کوئی اپنا
جا کوہ میں فرہاد کو فریاد کریں گے
محروم نہ رکھے گا ہمیں عشق بتاں سے
گو داد نہ دیں کشتۂ بیداد کریں گے
اے دور فلک مجھ کو قسم سر کی ہے اپنے
ہم شاد کبھی یہ دل ناشاد کریں گے
گر سلسلۂ عشق میں فرزند خلف ہیں
ہم خانہ خرابی کا گھر آباد کریں گے
کب پیروی قیس کریں عشق و جنوں میں
اس فن میں کچھ اپنا ہی ہم ایجاد کریں گے
ہو حلقہ بگوش آہ و فغاں کا مری مجنوں
جب کان پکڑ یاد ہم استاد کریں گے
حسرتؔ یوں ہی آخر ہوئی یہ فصل بھی گل کی
کب کنج قفس سے ہمیں آزاد کریں گے
میری اس پیاری جھب سے آنکھ لگی (غزل)
میری اس پیاری جھب سے آنکھ لگی
اس سراپا عجب سے آنکھ لگی
عشق میں خواب کا خیال کسے
نہ لگی آنکھ جب سے آنکھ لگی
خواب میں بھی نہ دیکھا ہم نے لطف
کس سراپا غضب سے آنکھ لگی
جتنے خوش چشم ہیں زمانے میں
رہتی ہے میری سب سے آنکھ لگی
رات ہمسایوں کی نہ صبح تلک
میری افغان شب سے آنکھ لگی
یار آتا نظر نہیں آتا
ہے ادھر میری کب سے آنکھ لگی
رہتی ہے اس نگاہ کافر کی
رنجش بے سبب سے آنکھ لگی
مجھ کو مت دیکھ ہے بلا حسرتؔ
یار عاشق طلب سے آنکھ لگی