پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسرت دیوبندی کی غزلیں — Hasrat Deobandi Ghazals

حسرت دیوبندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حرف انکار کہ اقرار وفا تھا کیا تھا (غزل)

حرف انکار کہ اقرار وفا تھا کیا تھا

خط میں اک جملۂ مبہم سا لکھا تھا کیا تھا

اس کا چہرہ تھا قمر تھا کہ تصور میرا

کل منڈیری پہ کوئی جلوہ نما تھا کیا تھا

یک بیک ہو گیا اوجھل وہ نظر کے آگے

دھند کا ایک بگولہ سا اٹھا تھا کیا تھا

مسکراتا تھا مگر آنکھ بھی نم تھی اس کی

اس کے سینے میں کوئی درد چھپا تھا کیا تھا

صبح تک لٹ گیا سندور کئی مانگوں کا

شب کے سناٹے میں اک شور اٹھا تھا کیا تھا

بد دعا تھی کہ دعا یہ وہی جانے حسرتؔ

زیر لب اس نے مگر کچھ تو کہا تھا کیا تھا

اے دوست میں نے تیرے لیے کیا نہیں کیا (غزل)

اے دوست میں نے تیرے لیے کیا نہیں کیا

تو نے مگر کبھی بھی کچھ اچھا نہیں کیا

قسمت نے امتحاں تو لیے ہیں بہت مگر

ہم نے کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا

ایسا کیا سلوک چراغوں نے اس کے ساتھ

پھر اس نے اپنے گھر میں اجالا نہیں کیا

وہ اس کا ظرف کیا نہ کیا اس نے میرے ساتھ

یہ میرا ظرف بھائی سے جھگڑا نہیں کیا

اس کا کرم کہ مجھ کو سبھی نعمتیں نصیب

میرا قصور شکر کا سجدہ نہیں کیا

مزید غزلیں از حسرت دیوبندی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں