حسنین جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جل رہا ہے اک دیا آنکھوں میں آدھی رات کا (غزل)
جل رہا ہے اک دیا آنکھوں میں آدھی رات کا
میں امانت دار ہوں اب تک تری سوغات کا
عمر گزری موسم گریہ نہیں ٹھہرا کہیں
قرض اک باقی رہا مجھ پہ کسی برسات کا
دور ہوتے جا رہے تھے ساحلوں پر دو چراغ
بادباں نے رکھ لیا تھا عکس بھی اک بات کا
دل میں اور آنکھوں میں تجھ سے چھوٹ جانے کا ملال
تذکرہ ہونٹوں پہ لیکن دوسرے حالات کا
جاگتے سوتے میں تیری یاد کے پہلو بہت
اور ہر پہلو ہے روشن ایسے امکانات کا
ہم بھی کچھ مجبوریوں کی آڑ میں ملتے رہے
پاس کچھ اس نے بھی رکھا میرے احساسات کا
خزاں خزاں تھا جو موسم گلاب کیا ہوتا (غزل)
خزاں خزاں تھا جو موسم گلاب کیا ہوتا
اس ایک شخص کا میں انتخاب کیا ہوتا
جو حرف حرف ہوا اور تیرے آگے ہوا
بھلا وہ شخص خود اپنی کتاب کیا ہوتا
میں اس کے چہرے کے سب رنگ گر چرا لیتا
تو اس گنہ سے زیادہ ثواب کیا ہوتا
جو ہجر رنگ ہی گزرے تمہاری قربت میں
عجیب لمحے تھے ان کا حساب کیا ہوتا
سفر کے پہلے ورق پر تمہاری آنکھوں کے
علاوہ اور کوئی انتساب کیا ہوتا
وہ روشنی کا امیں تھا میں تیرگی کا سفیر
پھر اس سفر میں بھلا ہم رکاب کیا ہوتا