پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسنین اصغر تبسم کی غزلیں — Hasnain Asghar Tabassum Ghazals

حسنین اصغر تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسے عالم میں تجھے مجھ سے شکایت کیسی (غزل)

ایسے عالم میں تجھے مجھ سے شکایت کیسی

سر ہی جب جھک گیا پھر رسم عداوت کیسی

تیری رگ رگ میں ہے جب در بدری کا نشہ

پھر یہ احساس انا کیا ہے عداوت کیسی

صرف اک شخص کی باتوں کا بھرم رکھا ہے

اپنے ہی شہر سے ورنہ مری ہجرت کیسی

جب مداوائے غم ہجر کا امکاں ہی نہیں

پھر بھلا میرے بکھر جانے پہ حیرت کیسی

اے طلسم رہ مقتل مری آنکھیں مجھے دے

قتل ہونا مرا ورثہ ہے تو وحشت کیسی

عجب نصیب کہ جب میری شہرتیں نہ رہیں (غزل)

عجب نصیب کہ جب میری شہرتیں نہ رہیں

مرے غنیم کو مجھ سے شکایتیں نہ رہیں

جسے کوئی نہ پڑھے آج وہ کتاب ہوں میں

مرے نصاب میں پچھلی صداقتیں نہ رہیں

میں اپنے ذہن کو چھوڑ آیا برف زاروں میں

قلم اٹھانے کی اب مجھ میں ہمتیں نہ رہیں

گزرتا وقت بتائے گا کون مخلص ہے

اسی لئے مجھے تم سے ندامتیں نہ رہیں

عجیب شخص ہوں منزل کو دیکھ کر حسنینؔ

تڑپ اٹھا ہوں کہ اب کیوں مسافتیں نہ رہیں

مزید غزلیں از حسنین اصغر تبسم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں