پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حشمت بھاردواج کی غزلیں — Hashmat Bhardwaj Ghazals

حشمت بھاردواج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج اچھا ہوں مری جان برا تو کل تھا (غزل)

آج اچھا ہوں مری جان برا تو کل تھا

اب میسر ہے ترا ساتھ جدا تو کل تھا

اس سے نظریں جو ملیں ہوش ابھی تک گم ہیں

حادثہ ایسا مرے ساتھ ہوا تو کل تھا

آگ کچھ ایسی لگی ساری فضا ہے دھندھلی

دل سے اٹھتا ہے دھواں اب بھی بجھا تو کل تھا

آج بھی مجھ کو گلابوں کی مہک آتی ہے

صرف اک پل کے لیے اس نے چھوا تو کل تھا

الجھنوں میں ہی رہا ہوں میں ابھی تک مصروف

خواب بھی ہوتے ہیں یہ علم ہوا تو کل تھا

مجھ کو پہلے سے یقیں اس پہ نہیں تھا حشمتؔ

پردا آنکھوں سے بہرحال اٹھا تو کل تھا

سچ یہی ہے کہ کرم جس پہ خدا کرتا ہے (غزل)

سچ یہی ہے کہ کرم جس پہ خدا کرتا ہے

ہر بلندی کو وہی شخص چھوا کرتا ہے

ہر طرف تو ہی مرے ساتھ دکھے ہے مجھ کو

اب ہمیشہ یہی احساس ہوا کرتا ہے

کوششوں سے ہی اجالے ہیں جہاں میں قائم

شمس چھپتا ہے مگر روز اگا کرتا ہے

دھندھ یوں ہی تو فضاؤں میں نہیں ہے طاری

آگ لگتی ہے دھواں تب ہی اٹھا کرتا ہے

ماں یہ کہتی ہے مری عمر بھی لگ جائے تجھے

کون کس کے لیے ورنہ یہ دعا کرتا ہے

کامیابی پہ بہت اپنی میں اتراتا ہوں

اصلیت یہ ہے جو کرتا ہے خدا کرتا ہے

مقصد زیست ہے اپنا تو محبت حشمتؔ

صرف یہ لفظ ہی نفرت سے جدا کرتا ہے

مزید غزلیں از حشمت بھاردواج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں