پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہاشم رضا جلالپوری کی غزلیں — Hashim Raza Jalalpuri Ghazals

ہاشم رضا جلالپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساری رسوائی زمانے کی گوارا کر کے (غزل)

ساری رسوائی زمانے کی گوارا کر کے

زندگی جیتے ہیں کچھ لوگ خسارا کر کے

اپنے اس کام پہ وہ راتوں کو روتا ہوگا

بیچ دیتا ہے جو ذرے کو ستارہ کر کے

غم کے مارے ہوئے ہم لوگ مگر کالج میں

دل بہل جاتا ہے پریوں کا نظارہ کر کے

پھر وہی جوش وہی جذبہ عطا ہوتا ہے

تم نے دیکھا ہی نہیں پیار دوبارہ کر کے

اپنے کردار سے دنیا کو ہلا کر رکھ دے

ورنہ کیا فائدہ اس طرح گزارہ کر کے

ہم سے آباد ہے یہ شعر و سخن کی محفل

ہم تو مر جائیں گے لفظوں سے کنارہ کر کے

پرندہ قید میں کل آسمان بھول گیا (غزل)

پرندہ قید میں کل آسمان بھول گیا

رہا تو ہو گیا لیکن اڑان بھول گیا

مرے شکار کو ترکش میں تیر لایا مگر

وہ میری جان کا دشمن کمان بھول گیا

اسے تو یاد ہے سارا جہان میرے سوا

میں اس کی یاد میں سارا جہان بھول گیا

وہ شخص زندگی بھر کا تھکا ہوا تھا مگر

جو پاؤں قبر میں رکھے تھکان بھول گیا

غریب شہر نے رکھی ہے آبرو ورنہ

امیر شہر تو اردو زبان بھول گیا

تمام شہر کا نقشہ بنانے والا رضاؔ

جنون شوق میں اپنا مکان بھول گیا

مزید غزلیں از ہاشم رضا جلالپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں