پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہاشم عظیم آبادی کی غزلیں — Hashim Azimabadi Ghazals

ہاشم عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں تو دشوار ہے چھوٹے کا بڑا ہو جانا (غزل)

یوں تو دشوار ہے چھوٹے کا بڑا ہو جانا

ہر بھتیجے کی ہے معراج چچا ہو جانا

ہوش تو ہوش لنگوٹی بھی گئی مجنوں کی

کتنا مہنگا پڑا لیلیٰ پہ فدا ہو جانا

کم سے کم وہ سر بازار تو اچھلے کورے

لے کے پگڑی سر واعظ سے ہوا ہو جانا

ہم نے دیکھا ہے انہیں آنکھوں سے کچھ بندوں کا

چڑھ کے کرسیٔ وزارت پہ خدا ہو جانا

یاد آتا ہے تو آتی ہے رقیبوں پہ ہنسی

دیکھتے ہی مجھے وہ ان کا ہوا ہو جانا

یہ تو ہے ضعف مثانہ کی دلیل اے واعظ

ہر سحر تیری نمازوں کا قضا ہو جانا

ان کی بھابھی نے بڑھاپے میں دیا ہے بچہ

اب مسلم ہوا ہاشمؔ کا چچا ہو جانا

میں وہ نہیں رہا وہ مرا دل نہیں رہا (غزل)

میں وہ نہیں رہا وہ مرا دل نہیں رہا

اب میں کسی سے عشق کے قابل نہیں رہا

کل میرے گھر سے میرا مصلیٰ اڑا لیا

ملا بھی اعتبار کے قابل نہیں رہا

انگلش اگر نہ آ سکی ہندی تو سیکھ لی

اس شوخ کی نگاہ میں جاہل نہیں رہا

کوے ملہار گائیں کہ الو بھجن سنائیں

جب گلستاں میں شور عنادل نہیں رہا

جاتا ضرور حج کو مگر آہ کیا کروں

بار گنہ سے چلنے کے قابل نہیں رہا

سنتے ہیں سیٹھ جی کا دوالہ نکل گیا

جس مل پہ ان کو ناز تھا وہ مل نہیں رہا

داڑھی بڑھائی بن گیا شاعر سے مولوی

ہاشمؔ اب ان سے عشق کے قابل نہیں رہا

مزید غزلیں از ہاشم عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں