پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسیب رہبر کی غزلیں — Haseeb Rehbar Ghazals

حسیب رہبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نقش کہن سب دل کے مٹاؤ (غزل)

نقش کہن سب دل کے مٹاؤ

پھر کوئی تصویر بناؤ

بستی بستی خون خرابہ

عقل کے مارو ہوش میں آؤ

پتھر بن کر جینا کیا

پھولوں کی ٹہنی بن جاؤ

مصنوعی کردار کے لوگو

سچائی کے روپ دکھاؤ

رات اندھیری سر پر طوفاں

سوچ سمجھ کر قدم بڑھاؤ

اپنوں کو تم چھوڑ کے رہبرؔ

کہاں چلے یہ راز بتاؤ

کسے ہم اپنا کہیں کوئی غم گسار نہیں (غزل)

کسے ہم اپنا کہیں کوئی غم گسار نہیں

ہمیں جب اپنے پرائے پہ اعتبار نہیں

ہم اپنے دور کی سچائیوں کو لکھتے ہیں

قلم ہمارا کسی کا تو مستعار نہیں

جو بے وفا تھے وہی لوگ پا گئے اعزاز

مری وفاؤں کا اب تک کہیں شمار نہیں

ہمارے سر پہ برس جائیں گے کہاں پتھر

تنک مزاجیٔ موسم کا اعتبار نہیں

دعائیں دے کے جو بچوں کو شہر بھیجیں گے

اب ایسے گاؤں میں کوئی بزرگوار نہیں

ہزار مفلس و نادار میں سہی رہبرؔ

خدا کا شکر کسی کا بھی قرض دار نہیں