پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسیب علی کی غزلیں — Haseeb Ali Ghazals

حسیب علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کم سنی سے آشنا ہے ریت سے (غزل)

کم سنی سے آشنا ہے ریت سے

دل تو اب بھی کھیلتا ہے ریت سے

میں ترے گھر کی حفاظت کیا کروں

میرا اپنا گھر بنا ہے ریت سے

آپ تو صحرا کے رہنے والے ہیں

آپ کو کیا مسئلہ ہے ریت سے

لے گیا تھا ساتھ جو دریا کبھی

سب بر آمد ہو رہا ہے ریت سے

اور کیا دوں میں محبت کا ثبوت

دیکھ میرا سر بھرا ہے ریت سے

کب چھوڑنا تھی پیار کی منزل اسے کہنا (غزل)

کب چھوڑنا تھی پیار کی منزل اسے کہنا

اک بات نے بدلا ہے مرا دل اسے کہنا

لڑ لڑ کے ہوئے جاتے ہیں اندر سے شکستہ

ہم خود ہی کھڑے اپنے مقابل اسے کہنا

کیا سوچ کے نکلے تھے سمندر کی طرف ہم

اب سوچ رہے ہیں سر ساحل اسے کہنا

آسان نہیں راہ تعلق سے پلٹنا

کچھ کام ہوا کرتے ہیں مشکل اسے کہنا

جھوٹا نہ فریبی ہے ترا چاہنے والا

بس یہ کہ نہیں تھا ترے قابل اسے کہنا

خائف ہے بھلا کس لیے رفتار سے میری

میں ہوں ہی نہیں دوڑ میں شامل اسے کہنا

مزید غزلیں از حسیب علی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں