حسن ظہیر راجا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ پرندے بھی ساتھ لایا تھا (غزل)
وہ پرندے بھی ساتھ لایا تھا
میں نے جس پیڑ کو بلایا تھا
تیرا ہنسنا بھی کیا مصیبت ہے
میں کوئی بات کرنے آیا تھا
یہ ہوائیں بھی کتنی جھوٹی ہیں
ہم نے بس ہاتھ ہی ملایا تھا
پھر کوئی بات آ گئی دل میں
میں اسے پاس لے ہی آیا تھا
وہ تو حیرت میں ڈالنا تھا اسے
کون دریا کو روک پایا تھا
تتلیاں بھر گئیں تھیں کمرے میں
پھول دیوار پر بنایا تھا
وہ محبت اگر نہیں تھی حسنؔ
اس نے چائے میں کیا ملایا تھا
تجھے تو آج بھی ہم بے شمار چاہتے ہیں (غزل)
تجھے تو آج بھی ہم بے شمار چاہتے ہیں
اک اور طرح کا لیکن قرار چاہتے ہیں
ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ شام ہوتے ہی
ہم اپنے آپ سے تھوڑا فرار چاہتے ہیں
پلٹنے والے تجھے پہلے ہی بتایا تھا
کسی بھی شخص کو ہم ایک بار چاہتے ہیں
یہ لوگ کیوں بھلا تھکتے دکھائی دیتے نہیں
اب اور کتنا ترا انتظار چاہتے ہیں
ہمارے تجربے اتنے زیادہ ٹھیک نہیں
سو تجھ سے پیار نہیں اعتبار چاہتے ہیں
خدا ہوس سے بچائے مگر کئی دن سے
ترے بدن پہ بھی ہم اختیار چاہتے ہیں