پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسیب سوز کی غزلیں — Haseeb Soz Ghazals

حسیب سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہاں مضبوط سے مضبوط لوہا ٹوٹ جاتا ہے (غزل)

یہاں مضبوط سے مضبوط لوہا ٹوٹ جاتا ہے

کئی جھوٹے اکٹھے ہوں تو سچا ٹوٹ جاتا ہے

نہ اتنا شور کر ظالم ہمارے ٹوٹ جانے پر

کہ گردش میں فلک سے بھی ستارا ٹوٹ جاتا ہے

تسلی دینے والے تو تسلی دیتے رہتے ہیں

مگر وہ کیا کرے جس کا بھروسا ٹوٹ جاتا ہے

کسی سے عشق کرتے ہو تو پھر خاموش رہیے گا

ذرا سی ٹھیس سے ورنہ یہ شیشہ ٹوٹ جاتا ہے

بڑے حساب سے عزت بچانی پڑتی ہے (غزل)

بڑے حساب سے عزت بچانی پڑتی ہے

ہمیشہ جھوٹی کہانی سنانی پڑتی ہے

تم ایک بار جو ٹوٹے تو جڑ نہیں پائے

ہمیں تو روز یہ ذلت اٹھانی پڑتی ہے

مجھے خریدنے ایسے بھی لوگ آتے ہیں

کہ جن کے کہنے سے قیمت گھٹانی پڑتی ہے

ملال یہ ہے کہ یہ دونوں ہاتھ میرے ہیں

کسی کی چیز کسی سے چھپانی پڑتی ہے

تم اپنا نام بتا کر ہی چھوٹ جاتے ہو

ہمیں تو ذات بھی اپنی بتانی پڑتی ہے

مزید غزلیں از حسیب سوز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں