پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن رضوی کی غزلیں — Hasan Rizvi Ghazals

حسن رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی کتابوں میں پھول رکھنا کبھی درختوں پہ نام لکھنا (غزل)

کبھی کتابوں میں پھول رکھنا کبھی درختوں پہ نام لکھنا

ہمیں بھی ہے یاد آج تک وہ نظر سے حرف سلام لکھنا

وہ چاند چہرے وہ بہکی باتیں سلگتے دن تھے مہکتی راتیں

وہ چھوٹے چھوٹے سے کاغذوں پر محبتوں کے پیام لکھنا

گلاب چہروں سے دل لگانا وہ چپکے چپکے نظر ملانا

وہ آرزوؤں کے خواب بننا وہ قصۂ ناتمام لکھنا

مرے نگر کی حسیں فضاؤ کہیں جو ان کا نشان پاؤ

تو پوچھنا یہ کہاں بسے وہ کہاں ہے ان کا قیام لکھنا

کھلی فضاؤں میں سانس لینا عبث ہے اب تو گھٹن ہے ایسی

کہ چاروں جانب شجر کھڑے ہیں صلیب صورت تمام لکھنا

گئی رتوں میں حسنؔ ہمارا بس ایک ہی تو یہ مشغلہ تھا

کسی کے چہرے کو صبح کہنا کسی کی زلفوں کو شام لکھنا

نہ وہ اقرار کرتا ہے نہ وہ انکار کرتا ہے (غزل)

نہ وہ اقرار کرتا ہے نہ وہ انکار کرتا ہے

ہمیں پھر بھی گماں ہے وہ ہمیں سے پیار کرتا ہے

میں اس کے کس ستم کی سرخیاں اخبار میں دیکھوں

وہ ظالم ہے مگر ہر ظلم سے انکار کرتا ہے

منڈیروں سے کوئی مانوس سی آواز آتی ہے

کوئی تو یاد ہم کو بھی پس دیوار کرتا ہے

یہ اس کے پیار کی باتیں فقط قصے پرانے ہیں

بھلا کچے گھڑے پر کون دریا پار کرتا ہے

ہمیں یہ دکھ کہ وہ اکثر کئی موسم نہیں ملتا

مگر ملنے کا وعدہ ہم سے وہ ہر بار کرتا ہے

حسنؔ راتوں کو جب سب لوگ میٹھی نیند سوتے ہیں

تو اک خواب آشنا چہرہ ہمیں بیدار کرتا ہے

لہو کی بارش (نظم)

لہو کی بارش

زمین کے سینے پہ مدتوں سے برس رہی تھی

لہو میں ڈوبے ہوئے کبوتر فضا میں عرصے سے اڑ رہے تھے

فضا میں جلتے لہو کی خوشبو بکھر چکی تھی

ہر ایک گوشہ

ہر ایک قریہ

اندھیری شب کے مہیب سائے میں گھر چکا تھا

ہر ایک انسان مر چکا تھا

لہو کی بارش تھمی تو دیکھا کہ ایک انسان

زمیں کے لوگوں سے کہہ رہا ہے

کہ خواب غفلت سے جاگ جاؤ

محبتوں کے دیے جلا کر ہر ایک گوشے کو جگمگاؤ

اٹھو کہ تم ہی اندھیری شب کے مہیب سایوں کی چاندنی ہو

اٹھو کہ تم ہی صداقتوں کے محبتوں کے پیامبر ہو

تم ایک ہو کر اٹھو کہ تم کو تمہارا دشمن بھی جان جائے

تم ہی ہو سورج تم ہی ستارے

تم ہی سمندر تم ہی کنارے

سب ایک ہو کر اٹھے تو دیکھا

گلاب خوشبو فضا میں ہر سو مہک رہی تھی

ہر اک کبوتر فلک پہ سورج سا لگ رہا تھا

ہر ایک گوشے میں روشنی کے حسین جگنو چمک رہے تھے

یہ دن بھی کیسا عجیب دن تھا

محبتوں کا

صداقتوں کا

کہ اس دن ہم سے ہمارے قائد نے یہ کہا تھا

ہم ایک ہو کر یہ عہد کر لیں

کھلی فضاؤں میں سانس لیں گے

وطن کی خاطر ہی جان دیں گے

مزید غزلیں از حسن رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں