حسن راقم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب ترے ہاتھ میں روشنی دیکھتے (غزل)
جب ترے ہاتھ میں روشنی دیکھتے
لوگ تجھ کو اندھیروں میں بھی دیکھتے
ہم جہاں کے عجوبے نہیں دیکھ کر
ان کے بدلے میں تیری ہنسی دیکھتے
ایک خواہش یہ پوری نہیں ہو سکی
ہم تجھے اپنا ہوتا کبھی دیکھتے
ہم محبت میں ہاری ہوئی جنگ کو
جیت لیتے اگر بہتری دیکھتے
اس کو خوش دیکھنے میں تھی اپنی خوشی
عمر بھر بس اسی کی خوشی دیکھتے
جو لوگ وقت کے چلتے یہاں بدلتے نہیں (غزل)
جو لوگ وقت کے چلتے یہاں بدلتے نہیں
وہ گر کے اٹھتے ہیں لیکن کبھی سنبھلتے نہیں
میں ایک طرفہ محبت کی کیا مثالیں دوں
یہ لوگ آگ پہ چلتے ہیں اور جلتے نہیں
یہ اہل علم مصیبت کو ٹالتے ہیں یوں
کہ گھر سے ماں کی دعا کے بغیر چلتے نہیں
تو زندگی میں مری آ کے روشنی کر دے
کہ مجھ سے تنہا امیدوں کے دیپ جلتے نہیں
تمام کوششیں کی ہیں انہیں منانے کی
یہ پتھروں سے بنے دل مگر پگھلتے نہیں
مزید غزلیں از حسن راقم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں