حسن رہبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پتھریلی وہ زمین تھی کوئی راستہ نہ تھا (غزل)
پتھریلی وہ زمین تھی کوئی راستہ نہ تھا
گزرا تھا کس مقام سے مجھ کو پتہ نہ تھا
وہ بات میرے نام سے منسوب کی گئی
جس بات سے تو میرا کوئی واسطہ نہ تھا
مشکل گھڑی میں بن کے سہارا وہ آ گیا
میری طرف جو مڑ کے کبھی دیکھتا نہ تھا
پتھر کہاں سے آیا تھا یہ سوچنا پڑا
اس شہر میں تو میرا کوئی آشنا نہ تھا
اندر کے فاصلوں نے پریشان کر دیا
ظاہر کا فاصلہ تو کوئی فاصلہ نہ تھا
رہبرؔ کھڑا تھا میں کسی انجانے موڑ پر
جاری سفر تھا آگے مگر راستہ نہ تھا
ہم اپنے خون دل سے فسانہ بناتے ہیں (غزل)
ہم اپنے خون دل سے فسانہ بناتے ہیں
تنقید کا وہ پھر بھی نشانہ بناتے ہیں
آتا ہے جب بھی شہر میں موسم فساد کا
ہم اہل خیر دور ٹھکانہ بناتے ہیں
ہونٹوں پہ تشنگی لئے ہم دوڑتے رہے
یہ اہل مے کدہ تو بہانہ بناتے ہیں
طول شب فراق کی جلوہ گری نہ پوچھ
تسبیح کا ہم آنسو کو دانہ بناتے ہیں
اہل خرد تو وقت کے دھارے میں بہہ گئے
اہل جنوں تو ایک زمانہ بناتے ہیں
رہبرؔ سر نیاز جھکانے کے واسطے
ہم سنگ در کو اپنا ٹھکانہ بناتے ہیں