حسن نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوکھے ہوئے درخت کے پتوں کو دیکھنا (غزل)
سوکھے ہوئے درخت کے پتوں کو دیکھنا
پھر چہرۂ حیات کے زخموں کو دیکھنا
خوش رنگئ حیات کا پاؤ گے عکس تم
پتھر اچھال کر ذرا لہروں کو دیکھنا
میری نظر میں یہ بھی عبادت خدا کی ہے
شفقت بھری نگاہ سے بچوں کو دیکھنا
اس واسطے میں پاس ہی رکھتا ہوں آئنہ
مشکل ہے اپنی آنکھ سے جذبوں کو دیکھنا
تخریب کائنات کی زندہ مثال ہے
ساحل پہ انتشار کے زخموں کو دیکھنا
جکڑیں گے ایک دن وہی رشتوں کے جال میں
ہو جائے دھند صاف تو اپنوں کو دیکھنا
تلخیاں رہ جائیں گی لفظ وفا رہ جائے گا (غزل)
تلخیاں رہ جائیں گی لفظ وفا رہ جائے گا
درمیاں اخلاص کے پھر اک خلا رہ جائے گا
حادثات زندگی پر غور کرنا چاہئے
چھوٹ جائے گا نوالہ سب پڑا رہ جائے گا
آنگنوں کے درمیاں دیوار جو اٹھ جائے گی
دھوپ میں اپنا کوئی باہر کھڑا رہ جائے گا
دن کے ہنگامے میں گم ہو جائے گا میرا وجود
آئنہ میں مجھ سا کوئی دوسرا رہ جائے گا
اس مسافت کی کبھی تکمیل ممکن ہی نہیں
آنے جانے کا فقط اک سلسلہ رہ جائے گا
دیکھ کر مکروہ سازش گاؤں کی دہلیز تک
سوچتا ہوں میں نظامیؔ کیا بچا رہ جائے گا