حسن نواب حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ وہ زمین میں تھا اور نہ آسمان میں تھا (غزل)
نہ وہ زمین میں تھا اور نہ آسمان میں تھا
کبھی یقیں میں مرے تھا کبھی گمان میں تھا
میں ایک جال لئے عمر بھر بھٹکتا رہا
پرندہ دور بہت دور آسمان میں تھا
میں روز گھر سے نکلتا تھا ڈھونڈنے کے لئے
مکین بن کے وہ خود میرے ہی مکان میں تھا
میں کاش بند دریچے سے جھانک ہی لیتا
وہ میرے کمرے کے اندر ہی سائبان میں تھا
ادھورا پڑھ کے اسے لوگ رہ گئے ورنہ
ہمارا ذکر بھی کچھ اس کی داستان میں تھا
خطا خود اپنی نگاہوں کی تھی حسنؔ ورنہ
وہ میرے جسم میں تھا وہ تو میری جان میں تھا
انا کی آگ میں ہر لمحہ جل رہا ہوں میں (غزل)
انا کی آگ میں ہر لمحہ جل رہا ہوں میں
غذا مری ہے یہی اس میں پل رہا ہوں میں
کبھی اس آگ کے سانچے میں ڈھل رہا ہوں میں
کبھی یہ برف کہ جس میں پگھل رہا ہوں میں
ہر ایک صبح افق سے نکل رہا ہوں میں
شفق میں اپنی ہر اک شام ڈھل رہا ہوں میں
ہر ایک موڑ پہ رستہ کچل رہا ہوں میں
کہ اپنے قدموں سے خود کو کچل رہا ہوں میں
میں اپنے زنداں میں قیدی بنا گیا خود کو
اور اپنے آپ سے بچ کر نکل رہا ہوں میں
کوئی تو بچہ حسنؔ ہے چھپا ہوا مجھ میں
کہ جس کی مانگ پہ ہر دم مچل رہا ہوں میں
وہ غالب کل بھی تھا اور آج بھی کل بھی وہی غالب (نظم)
وہ غالب کل بھی تھا اور آج بھی کل بھی وہی غالب
نہیں ہے ہونے والا دوسرا اب کوئی بھی غالبؔ
وہ کل کی شاعری ہو آج کی ہو یا کبھی کی ہو
ہے غالب ہر زمانے میں تمہاری شاعری غالبؔ
تمہارے شعر میں مفہوم و معنی کا جہاں پنہاں
ہے بحر بیکراں سچ مچ تمہاری گفتنی غالبؔ
کوئی بھی شعر فطرت سے الگ ہو کر نہیں لکھا
حقیقت پر تمہاری شاعری مبنی رہی غالبؔ
تمہاری گل فشانی تھی خزاں کے دور میں جاری
کٹی کتنی مصیبت میں تمہاری زندگی غالب
کئی بیٹوں کی پے در پے جدائی بھی سہی تم نے
تمہارے صبر و ضبط نفس کے قائل سبھی غالب
تمہارا لہجہ بھی انداز بھی اسلوب بھی بے مثل
تمہاری جیسی میں ڈھونڈوں کہاں سے شاعری غالبؔ
لطافت کا فصاحت کا بلاغت کا ہے تو موجد
تو لفظوں کا اشاروں کا کنایوں کا دھنی غالبؔ
دوائے درد دل کے تم نہ منت کش ہوئے چونکہ
تمہارے عشق میں تم پر رہی اپنی خودی غالب
ہے فریادی تمہارا نقش ہر فریاد پر بھاری
صداؤں پر تمہاری ہے صدائے دائمی غالبؔ
مرے بت خانہ میں تو گاڑو کعبے میں برہمن کو
جنون عشق ایسا کون اب پائے کبھی غالبؔ
تمہاری شاعری کی دھوم ہے سارے زمانے میں
بہادر شاہ کی محفل میں بھی سب پر رہی غالب
ہیں بالاتر تمہارے شعر کتنے عام ذہنوں سے
مگر ہوتی رہی الفاظ کی جادوگری غالب
تمہاری نظروں سے کوئی نہ صورت بچ سکی غالبؔ
تمہارے ذوق کی وجدانی و ندرت کا کیا کہنا
کہ زخموں کے نمک پلکوں سے چنتے تھے کبھی غالبؔ
اٹھایا سنگ تھا تو کیوں نہیں پھینکا تھا مجنوں پر
لڑکپن ہی سے تم پر فکر کیوں سر کی رہی غالبؔ
نہ چھوٹی مے کبھی چکر نہ کوئے یار کا چھوٹا
مگر چھوٹا نہیں ہاتھوں سے دامان خودی غالبؔ
ہزاروں شاعروں نے کتنے دیوان اپنے چھپوائے
مگر اک دھاک بس دیوان غالبؔ کی رہی غالب
تصور آج غالبؔ کا حسنؔ کے ذہن پر غالب
بہ نام مرزا غالبؔ سب پہ یہ محفل ہوئی غالب