حسن ناصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھلے دلوں سے ملے فاصلہ بھی رکھتے رہے (غزل)
کھلے دلوں سے ملے فاصلہ بھی رکھتے رہے
تمام عمر عجب لوگ مجھ سے الجھے رہے
حنوط تتلیاں شو کیس میں نظر آئیں
شریر بچے گھروں میں بھی سہمے سہمے رہے
اب آئنہ بھی مزاجوں کی بات کرتا ہے
بکھر گئے ہیں وہ چہرے جو عکس بنتے رہے
میں آنے والے دنوں کی زبان جانتا تھا
اسی لیے مری غزلوں میں پھول کھلتے رہے
درخت کٹ گیا لیکن وہ رابطے ناصرؔ
تمام رات پرندے زمیں پہ بیٹھے رہے
ڈائری میں لکھ کے میرے تذکرے رکھ چھوڑنا (غزل)
ڈائری میں لکھ کے میرے تذکرے رکھ چھوڑنا
پھر کبھی ان پر لگا کر حاشیے رکھ چھوڑنا
یاد کی البم سجا کر گوشۂ دل میں کہیں
کام آئیں گے وفا کے سلسلے رکھ چھوڑنا
یہ بھی کیا پہلے دکھا کر منزلوں کے راستے
پھر دلوں کے درمیاں کچھ فاصلے رکھ چھوڑنا
کیا خبر کب لوٹ آئیں اجنبی دیسوں سے وہ
پیڑ پر محفوظ ان کے گھونسلے رکھ چھوڑنا
درد کے رستے حسنؔ ناصر رواں رہتے تو ہیں
ہر قدم پر تم مگر روشن دیئے رکھ چھوڑنا