حسن نجمی سکندرپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیتے ہوئے لمحوں کے جو گرویدہ رہے ہیں (غزل)
بیتے ہوئے لمحوں کے جو گرویدہ رہے ہیں
حالات کے ہاتھوں وہی رنجیدہ رہے ہیں
ان جلووں سے معمور ہے دنیا مرے دل کی
آئینوں کی بستی میں جو نادیدہ رہے ہیں
رندان بلا نوش کا عالم ہے نرالا
ساقی کی عنایت پہ بھی نم دیدہ رہے ہیں
برسوں غم حالات کی دہلیز پہ کچھ لوگ
گل کر کے دئیے ذہنوں کے خوابیدہ رہے ہیں
ہر دور میں انسان نے جیتی ہے یہ بازی
ہر دور میں کچھ مسئلے پیچیدہ رہے ہیں
انسان کی صورت میں کئی رنگ کے پتھر
ہم سینے پہ رکھے ہوئے خوابیدہ رہے ہیں
مجرم کی صفوں میں ہیں وہ مظلوم بھی جن سے
نجمیؔ نے جو کچھ پوچھا تو سنجیدہ رہے ہیں
آئنے سے نہ ڈرو اپنا سراپا دیکھو (غزل)
آئنے سے نہ ڈرو اپنا سراپا دیکھو
وقت بھی ایک مصور ہے تماشا دیکھو
کر لو باور کوئی لایا ہے عجائب گھر سے
جب کسی جسم پہ ہنستا ہوا چہرا دیکھو
چاہیئے پانی تو لفظوں کو نچوڑو ورنہ
خشک ہو جائے گا افکار کا پودا دیکھو
شہر کی بھیڑ میں شامل ہے اکیلا پن بھی
آج ہر ذہن ہے تنہائی کا مارا دیکھو
وہ جو اک حسرت بے نام کا سودائی ہے
اس کو پتھر نے بڑی دور سے تاکا دیکھو
حد سے بڑھنے کی سزا دیتی ہے فطرت سب کو
شام کو کتنا بڑھا کرتا ہے سایا دیکھو
اب تو سر پھوڑ کے مرنا بھی ہے مشکل نجمیؔ
ہائے اس دور میں پتھر بھی ہے مہنگا دیکھو