پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن نعیم کی غزلیں — Hasan Naim Ghazals

حسن نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ اصولوں کا نشہ تھا کچھ مقدس خواب تھے (غزل)

کچھ اصولوں کا نشہ تھا کچھ مقدس خواب تھے

ہر زمانے میں شہادت کے یہی اسباب تھے

کوہ سے نیچے اتر کر کنکری چنتے ہیں اب

عشق میں جو آب جو تھے جنگ میں سیلاب تھے

ساز و ساماں تھے ظفر کے پر وہ شب میں لٹ گئے

خاک و خوں کے درمیاں کچھ خواب کچھ کم خواب تھے

کیا دم رخصت نظر آتے خطوط دلبری

نقش تھے اس چاند کے لیکن بہ شکل آب تھے

میں عدو کی جستجو میں تھا کہ اک پتھر لگا

مڑ کے دیکھا تو سناں تانے ہوئے احباب تھے

تھے بہت نایاب وہ نور قلم زور بیاں

شعلہ اٹھا جب جنوں کا پھر وہی نایاب تھے

کیا فراقؔ و فیضؔ سے لینا تھا مجھ کو اے نعیمؔ

میرے آگے فکر و فن کے کچھ نئے آداب تھے

جبر شہی کا صرف بغاوت علاج ہے (غزل)

جبر شہی کا صرف بغاوت علاج ہے

اپنا ازل سے ایک حسینی مزاج ہے

آگے تو زہر عشق میں سب زہر تھے گھلے

اب شاعری کی جان رگ احتجاج ہے

عالی نظر کے شعر پہ تیکھے مباحثے

بے نور عالموں کا مرض لا علاج ہے

ہر آن ہیں دماغ میں افکار شب نواز

اس غم کی سلطنت میں بس اک دل سراج ہے

کیا دی ہے لب کشائی کی قیمت اسے بھی دیکھ

اس دفتر نوا میں سبھی اندراج ہے

اس سوندھی مٹیوں نے دیا رنگ و ذائقہ

ہیروں سے بڑھ کے آب میں ملکی اناج ہے

اقبالؔ کی نوا سے مشرف ہے گو نعیمؔ

اردو کے سر پہ میرؔ کی غزلوں کا تاج ہے

میں نے ہر غم میں ترا ساتھ دیا ہے اب تک (نظم)

میں نے ہر غم میں ترا ساتھ دیا ہے اب تک

تیری ہر تازہ مسرت پہ ہوا ہوں مسرور

اپنی قسمت کے بدلتے ہوئے دھاروں کے سوا

تیری قسمت کے بھنور سے بھی ہوا ہوں مجبور

تیرے سینے کا ہر اک راز بتا سکتا ہوں

مجھ میں پوشیدہ نہیں کوئی ترا سوز دروں

فکر مانوس پہ ظاہر ہے ہر اک خواب جمیل

اور ہر خواب سے ملتا ہے تجھے کتنا سکوں

آج تک تو نے مگر مجھ سے نہ پوچھا ہے کبھی

کیوں مرے غم سے ترا چہرہ اتر جاتا ہے؟

جب مرے دل میں لہکتے ہیں مسرت کے کنول

کیوں ترا چہرہ مسرت سے نکھر جاتا ہے؟

مزید غزلیں از حسن نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں